ایجوکیشن

میزان کالج آف پیرا میڈکس میں یومِ جمہوریہ تقریب کاانعقاد

حیدرآباد(راست)میزان کالج آف پیرا میڈکس، حیدرآباد میں ملک کا 75واں یومِ جمہوریہ نہایت جوش و خروش، قومی جذبے اور وقار کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا

 

جس میں اساتذہ، طلبہ و طالبات اور معزز مہمانانِ گرامی نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد فہیم (MBBS, MD جنرل میڈیسن، گولڈ میڈلسٹ، عثمانیہ یونیورسٹی)، جونیئر کنسلٹنٹ، کیئر ہاسپٹلس، نامپلی تھے۔ انہوں نے قومی پرچم لہرایا اور حاضرین کو یومِ جمہوریہ کی مبارک باد پیش کی۔

 

اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد فہیم نے پیرا میڈیکل طلبہ کے کردار کو صحت کے شعبے میں نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیرا میڈیکل اسٹاف کسی بھی اسپتال اور طبی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہوتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ مریضوں کی خدمت میں صبر، جذبہ، ہمدردی اور مثبت رویہ کو ہمیشہ مقدم رکھیں اور اپنے پیشے کو عبادت سمجھ کر انجام دیں۔

 

کالج کی پرنسپل محترمہ زینب النساء بیگم نے اپنے خطاب میں پیرا میڈیکل اور طبی شعبوں میں خواتین کے بااختیار کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آج خواتین نہ صرف اس شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں بلکہ مریضوں کی خدمت میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد فہیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی قیمتی مصروفیات میں سے وقت نکال کر تقریب کی رونق بڑھائی۔

 

اس موقع پر جناب مختار احمد نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیرا میڈیکل طلبہ کو چاہیے کہ وہ مریضوں کو اعلیٰ معیار کی طبی خدمات ہمدردی، لگن اور خلوص کے ساتھ فراہم کریں، کیونکہ یہی اوصاف انہیں ایک کامیاب اور باوقار پیشہ ور بناتے ہیں۔تقریب کے ضمن میں ایک مفت طبی صحت کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں میزان کالج کے طلبہ نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ اس کیمپ کے ذریعے 100 سے زائد مستحق افراد کا بلڈ پریشر، شوگر اور دیگر بنیادی طبی معائنے کیے گئے،

 

جب کہ ضرورت مندوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔آخر میں کالج انتظامیہ نے اساتذہ، طلبہ و طالبات اور تمام معاون عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور نظم و ضبط کے باعث یہ تقریب کامیابی سے ہمکنار ہوئی اور یومِ جمہوریہ کا پیغامِ اتحاد، خدمت اور حب الوطنی مؤثر انداز میں عام ہوا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button