گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر میں جشنِ یومِ جمہوریہ کی شاندار تین روزہ تقریبات ۔
گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر میں جشنِ یومِ جمہوریہ کی شاندار تین روزہ تقریبات ۔
حیدرآباد: گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر، بنڈلہ گوڑا میں اس سال جشنِ یومِ جمہوریہ نہایت جوش و خروش، قومی جذبے اور مثالی نظم و ضبط کے ساتھ تین روزہ رنگا رنگ تقریبات کی صورت میں منایا گیا۔ یہ تقریبات طلبہ کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور نظم و ضبط کے جذبات کو فروغ دینے کے لیے منعقد کی گئیں۔
تقریبات کے دوران پرائمری اور ہائی اسکول کے تمام طلبہ کے لیے مختلف انڈور و آؤٹ ڈور کھیلوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے علاوہ تحریری، تقریری، ملی نغموں اور قومی گیتوں کے مقابلے بھی منعقد ہوئے۔ ان مقابلوں میں تقریباً 700 سے زائد طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں 300 سے زائد میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں، جس سے طلبہ کے حوصلے مزید بلند ہوئے۔
اس موقع پر غوث نگر کی گلیوں میں ایک پرجوش پربھات پھیری (ریلی) نکالی گئی جس میں طلبہ نے فلک شگاف نعروں کے ساتھ حب الوطنی کا عملی مظاہرہ کیا۔ رائل کیڈٹس آف غوث نگر کے بینڈ نے پورے علاقے میں سماں باندھ دیا۔ ننھے منے طلبہ و طالبات ترنگا پہنے ہوئے قومی یکجہتی کی خوبصورت تصویر پیش کر رہے تھے۔
اسٹیج پروگرام میں ایک کے بعد دیگرے دیش بھکتی کے گیت، تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے گئے جنہوں نے حاضرین کے دلوں میں وطن کی محبت کو مزید تازہ کر دیا۔
اس موقع پر صدر مدرس شاہد علی حسرت نے اپنے پیغام میں کہا:
> “طلبہ میں جوش، جذبہ، ولولہ، وطن کی محبت اور قوم کی خدمت کا احساس پیدا کرنا ہی ہماری اصل کامیابی ہے۔ نئے ہندوستان کی تعمیر کلاس روم کے اُس سادہ کاغذ سے شروع ہوتی ہے جس پر طلبہ اپنے خیالات قلم بند کرتے ہیں۔ وہ بچے ہی آگے بڑھتے ہیں جو پابندی کے ساتھ اسکول آتے ہیں اور روز کچھ نہ کچھ نیا سیکھتے رہتے ہیں۔”
انہوں نے اس کامیاب پروگرام کو غوث نگر کے تمام اساتذہ کی مشترکہ محنت کا نتیجہ قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرنے والوں میں خصوصاً
محمد رفیع، سید خالد، حمیرا فاطمہ، عارفہ بیگم، سمرین فاطمہ، عرفانہ انجم، سوری ولیم اسٹین، رقیہ فاطمہ، نازیہ تنویر، صبا آفرین، وسیمہ بیگم، عطیہ طلعت، نجمہ بیگم، میمونہ بیگم، نسیم النساء شیخ، شگفتہ یاسمین، قدسیہ سلطانہ، سید سلیم الدین اور عبدالفرید شامل تھے۔
اس موقع پر جناب عبدالحفیظ صاحب، اقبال حسین صاحب عبداللہ مظہر صاحب، اعجاز الدین عبید صاحب ،محمد تمیم الدین صاحب وحید خان صاحب اور اسکول مینجمنٹ کمیٹی چیئرمین ڈاکٹر میر صادق علی صاحب موجود تھے۔
انعامات کی تقسیم صدر مدرس شاہد علی حسرت کے ہاتھوں انجام پائی جبکہ دیگر اساتذہ کرام نے بھی باری باری طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔
پروگرام کی نظامت پرائمری سیکشن میں عارفہ بیگم, اور حمیرہ فاطمہ نے انجام دی، جبکہ ہائی اسکول پروگرام کی کارروائی سمرین فاطمہ اور عرفانہ انجم نے نہایت احسن انداز میں چلائی۔ آخر میں سید خالد نے اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا۔
یہ تقریب نہ صرف ایک تعلیمی سرگرمی تھی بلکہ غوث نگر کے طلبہ میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو ابھارنے، قومی شعور بیدار کرنے اور ایک ذمہ دار شہری بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔





