بہادر پورہ زون میں طلبہ کو اردو زبان سے جوڑنے کی مؤثر توسیعی لیکچر ،مولانامفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب

بہادر پورہ زون میں طلبہ کو اردو زبان سے جوڑنے کی مؤثر توسیعی لیکچر ،مولانامفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد، 28 جنوری (پریس ریلیز):اردو زبان محض اظہار کا وسیلہ نہیں بلکہ ہماری تہذیبی شناخت، فکری وراثت اور ادبی روایت کی امین ہے۔ مادری زبان میں تعلیم و تربیت نہ صرف ذہنی صلاحیتوں کو نکھارتی ہے بلکہ ادب کے فروغ میں بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ اسی احساس کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں اردو زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
گورنمنٹ ہائی اسکول دارالشفاء میں اردو زبان کے فروغِ ادب کے موضوع پر ایک بامقصد پروگرام توسیعی لیکچر مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری شعبہ عربی محکمہ تعلیم حکومت تلنگانہ نے دیا جس میں طلبہ کو اردو پڑھنے اور لکھنے کی اہمیت سے روشناس کرایا گیا۔ اس موقع پر نہایت مؤثر اور دلنشین انداز میں مادری زبان کی ضرورت و افادیت پر روشنی ڈالی۔
طلبہ کو بتایا گیا کہ اردو زبان سے واقفیت نہ صرف تعلیمی بنیادوں کو مضبوط کرتی ہے بلکہ فکری بالیدگی، ادبی ذوق اور تہذیبی شعور کو بھی جلا بخشتی ہے۔ اس بات پر زور دیا کہ اپنی مادری زبان میں مہارت حاصل کیے بغیر کسی بھی زبان یا ادب کی حقیقی قدر و قیمت کو سمجھنا ممکن نہیں۔
پروگرام کے اختتام پر طلبہ نے اردو زبان سیکھنے اور اس کے فروغ میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر اساتذہ نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی سرگرمیاں نئی نسل کو اپنی زبان اور ادب سے جوڑنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
اردو ہماری تہذیبی روح اور فکری اساس کی نمائندہ زبان ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ میں اردو زبان سے محبت اور وابستگی پیدا کرنا اساتذہ کی اہم ذمہ داری ہے، کیونکہ مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے سے نہ صرف شخصیت کی تعمیر ہوتی ہے بلکہ اخلاقی اقدار اور ادبی شعور بھی پروان چڑھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نئی نسل کو اردو زبان کے تحفظ، ترویج اور فروغ کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنی چاہئیں تاکہ ہماری ادبی روایت آنے والی نسلوں تک محفوظ رہ سکے۔



