ڈھائی برس سے اقلیتی ڈپارٹمنٹ خالی، کانگریس قیادت سے محمد حسام کی پرزور اپیل
کانگریس کے سینئر قائد محمد حسام نے پارٹی ہائی کمان، بالخصوص چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی اور پردیش کانگریس کمیٹی (پی سی سی) کے صدر مہیش کمار گوڑ سے پرزور اپیل کی ہے کہ تلنگانہ اقلیتی ڈپارٹمنٹ کانگریس کے چیئرمین کے عہدہ پر فوری تقرر عمل میں لایا جائے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں محمد حسام نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برسوں سے تلنگانہ اقلیتی ڈپارٹمنٹ کانگریس کا چیئرمین کا عہدہ بدستور خالی ہے، جو نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ پارٹی کے اقلیتی قائدین اور کارکنوں میں بے چینی کا باعث بھی بن رہا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت قائم ہونے کے بعد پی سی سی صدر کا انتخاب عمل میں آیا، پی سی سی کی نئی کمیٹی تشکیل دی گئی اور پارٹی کے مختلف محاذی تنظیموں، بشمول ایس سی ڈپارٹمنٹ اور بی سی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمینوں کے تقررات بھی مکمل ہو چکے ہیں، تاہم اقلیتی ڈپارٹمنٹ کو اب تک نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
محمد حسام نے کہا کہ اقلیتی ڈپارٹمنٹ کا چیئرمین نہ ہونے کے باعث پارٹی کی اقلیتی قیادت کو تنظیمی سطح پر شدید مشکلات کا سامنا ہے اور زمینی سطح پر پارٹی کو مؤثر طور پر مستحکم کرنے میں رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ریاست میں جلد ہی 116 بلدیات اور 7 میونسپل کارپوریشنوں میں بلدیاتی انتخابات ہونے والے ہیں، ایسے اہم موقع پر اقلیتی ڈپارٹمنٹ کا سربراہ نہ ہونا کانگریس کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا کہ اقلیتی طبقہ کی نمائندگی اور تنظیمی مضبوطی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر موزوں اور باصلاحیت قیادت کا تقرر کیا جائے تاکہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کانگریس کو بھرپور فائدہ حاصل ہو سکے اور اقلیتی ووٹ بینک مزید مضبوط بنایا جا سکے۔



