جے اے سی کی قیادت میں تمام ٹیچرس یونینس کا مشترکہ ہنگامی اجلاس۔ اہم مسائل پر متفقہ لائحہ عمل اور دہلی پارلیمنٹ مارچ سے قبل یونینس کی اہم بیٹھک

حیدرآباد/جے اے سی (JAC) کی قیادت میں تمام اساتذہ تنظیموں کا ایک مشترکہ ہنگامی اجلاس PRTU بھون، نارائن گوڑہ میں منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت جناب پی۔ دامودر ریڈی (PRTU)، جناب سدانند گوڈ (STU) اور جناب ایس۔جی۔ راؤ (UTF) نے کی۔ اجلاس میں 5 فروری کو منعقد ہونے والے “چلو دہلی پارلیمنٹ مارچ” پروگرام کے سلسلے میں تفصیلی مشاورت اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
جاکٹو (JACTO) کے چیرمین کی دعوت پر مجلس ٹیچرس یونین تلنگانہ (MTU-TS) کے ریاستی صدر جناب محمد معین الدین اور جنرل سیکرٹری جناب محمد عبدالعلیم اور جناب محمد شفیع اللہ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر جناب محمد عبدالعلیم اجلاس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اردو میڈیم اساتذہ، اسکولوں اور طلبہ کو درپیش مسائل پر جامع روشنی ڈالتے ہوئے فوری حل کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں اساتذہ اور تعلیمی شعبہ کے کئی اہم مسائل طویل عرصہ سے زیرِ التوا ہیں۔ بارہا نمائندگی کے باوجود اردو میڈیم اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں، ترقیوں اور دیگر سروس معاملات میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی۔ کرایہ کے بقایاجات بھی ادا نہیں کیے گئے، جبکہ تلنگانہ اور خاص طور پر حیدرآباد کے بیشتر اسکول خانگی عمارتوں میں چل رہے ہیں، جن میں بڑی تعداد اردو میڈیم اسکولوں کی ہے۔ ایسے اسکولوں کو خالی کرانے کے احکامات انتہائی تشویشناک قرار دیے گئے
کیونکہ اس سے ہزاروں طلبہ کے تعلیم سے محروم ہونے اور ڈراپ آؤٹ میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ جناب محمد عبد العلیم نے مزید زور دیتے ہوئے، جے اے سی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ یہ احکامات فوری واپس لے کر اداروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔اسی سلسلے میں بیرسٹر اسدالدین اویسی صاحب ایم پی حیدرآباد کو بھی نمائندگی پیش کی گئی ہے، اس علاوہ بالخصوص TET کو فوری برخواست کرنے کی درخواست کی گئی۔
اجلاس میں پیش کیے گئے اہم مطالبات : DSC 2018 کے منتخب امیدواروں کی فوری تقرری، خالی جائیدادوں کو پُر کرنا، PRC اور دیگر بقایاجات کی ادائیگی، CPS کی منسوخی اور پرانی پنشن اسکیم کی بحالی، GO 317 سے متاثرہ اساتذہ کے مسائل کا حل، EHS ہیلتھ اسکیم کا مؤثر نفاذ، منظور شدہ ہیڈماسٹر اور اردو میڈیم اسکولوں میں ٹیچر پوسٹوں پر بھرتیاں،اور الاونس کی اجرائی (مطابق GO، 010)، تبادلوں اور سروس معاملات میں شفافیت، اور TET پالیسی پر نظرِ ثانی۔
اجلاس میں مختلف اساتذہ تنظیموں کے قائدین اور نمائندگان نے شرکت کی، جن میں جناب خواجہ قطب الدین صاحب،( اردو ٹیچرس اسوسی ایشن ) جناب محمد عبدالمجیب صاحب، جناب محمد ممتاز علی صاحب AIITA اور جناب محمد عبداللہ صاحب PRTU شامل ہیں۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اتحاد، نظم اور مشترکہ جدوجہد ہی اساتذہ کے حقوق کے حصول کی اصل طاقت ہے۔



