85 لاکھ کے زیورات دے کر لڑکے نے کھائے موموز ۔ اترپردیش میں عجیب وغریب واقعہ

نئی دہلی: موموز کے شوقین ایک کم سن لڑکے کی کمزوری کو بھانپتے ہوئے موموز فروشوں نے اسے جال میں پھنسا لیا۔ گھر سے سونے کے زیورات لا کر دینے کے بدلے مفت موموز دینے کا لالچ دے کر تین موموز فروشوں نے
اس لڑکے سے تقریباً 85 لاکھ روپے مالیت کے زیورات حاصل کر لیے۔ اس واقعے کے انکشاف کے بعد لڑکے کا خاندان شدید صدمے میں ہے۔یہ واقعہ اتر پردیش کے دیوریا ضلع میں پیش آیا۔
متاثرہ لڑکے کے والد وملیش مشرا وارانسی میں ایک مندر کے پجاری ہیں۔ ان کا بیٹا ساتویں جماعت میں زیرِ تعلیم ہے۔
لڑکے کو موموز بے حد پسند تھے۔
اس کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موموز فروشوں نے آہستہ آہستہ اسے اپنے جال میں پھنسا لیا اور کہا کہ اگر وہ گھر سے سونے کے زیورات لا کر دے تو اسے مفت موموز کھلائے جائیں گے۔
اس لالچ میں آ کر لڑکا کچھ عرصے سے گھر کے زیورات چپکے سے لا کر موموز فروشوں کو دیتا رہا اور بدلے میں مفت موموز کھاتا رہا۔ادھر کچھ دن قبل وملیش مشرا کی بہن ان کے گھر آئی اور اپنے زیورات مانگے
جب گھر والوں نے الماری کھول کر دیکھی تو 85 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات غائب پائے گئے۔ لڑکے سے پوچھ گچھ کرنے پر اس نے بتایا کہ وہ زیورات موموز فروشوں کو دے چکا ہے۔
یہ حقیقت سامنے آتے ہی خاندان کے افراد حیرت اور صدمے میں آ گئے۔ لڑکے کے والد نے تینوں موموز فروشوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔



