ایجوکیشن

ایم ایس کریٹیو اسکول کا شاندار سالانہ اخلاق شو 2026: جدید تعلیم کے ساتھ تربیت پر مؤثر زور

حیدرآباد، 2فروری (پریس نوٹ)ایم ایس کریٹیو اسکول نے اپنی تین روزہ سالانہ اور باوقار تعلیمی و تربیتی تقریب”اخلاق شو 2026“ نہایت جوش و خروش، نظم و ضبط اور کامیابی کے ساتھ منعقد کی۔ اس سال تقریب کا مرکزی موضوع ” تربیت کی روشنی میں “ (In The Light of Tarbiyah) رکھا گیا، جو اس عزم کا واضح اظہار ہے کہ جدید تعلیم کو اخلاقی اقدار کے ساتھ ہم آہنگ رکھا جائے۔ سہ روزہ تقریب میں طلبہ، والدین، اساتذہ اور معزز مہمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مختلف پروگراموں کا مشاہدہ کیا۔

 

اخلاق شو کا پہلا دن طالبات کے لیے مختص تھا۔ اس موقع پر وائس چیئرپرسن نزہت خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے بچے تعلیمی طور پر مضبوط مگر جذباتی طور پر کمزور ہو رہے ہیں، اور ان میں جذباتی استحکام پیدا کرنے میں ماؤں کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے 10 سے 16 سال کی عمر کو نہایت حساس قرار دیتے ہوئے اس دور میں اسکول اور والدین کی مشترکہ رہنمائی پر زور دیا، اور کہا کہ اسی لیے ایم ایس انتظامیہ ان بچوں پر خصوصی توجہ دیتی ہے۔

 

ایم ایس کا اخلاق شو 2026 کے تینوں دن حب الوطنی کے بے مثال جوش و خروش اور ولولہ انگیز مناظر کےبھی گواہ رہے۔وطن پرستی پرپیش اسٹیج پروگرامس میں طلبہ کی مثالی کارکردگی نے حاضرینِ محفل میں قومی جذبے کو بیدار کر دیا۔ اسٹیج شوزکے زریعہ وطن عزیز ہندوستان کی عظمت کو پیش کیا گیا اور اس کے کثرت میں وحدت کے حسن کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ طلبہ نے تقاریر اور نغموں کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ ہندو اور مسلم سب اس ملک کے معزز شہری ہیں اور یہی اتحاد ’’فخرِ ہندوستان‘‘ ہے۔

 

ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے بانی و چیئرمین محمد لطیف خان نے اپنے خطاب میں ادارے کی 35 سالہ تعلیمی خدمات اور نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ایم ایس کے نصب العین ”تعلیم جو صرف دماغ ہی نہیں، دل بھی بدل دے“کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ اب تک قوم کو 2116 ڈاکٹرز، 20 ہزار سے زائد انجینئرس، 145 چارٹرڈ اکاونٹینٹس اور چار ا ٓئی اے ایس، آئی پی ایس افسران فراہم کر چکا ہے۔ اسی موقع پر انہوں نے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا نیا لوگو بھی متعارف کرایا اور کہا کہ ایم ایس اپنے آغاز سے ہی والدین کے اعتماد پر پورا اترتا آ رہا ہے ۔ انہوں نے سال 2005 کی انٹرمیڈیٹ اسٹیٹ ٹاپر ایم ایس کی طالبہ عائشہ فاطمہ اور پھر 2006 میں اسی نام کی اسٹیٹ ٹاپرکا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سال 2023 میں بھی ایم ایس کی ایک اور طالبہ عائشہ فاطمہ نے بھی یہی کارنامہ انجام دیا ہے اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ سال 2026 میں عائشہ فاطمہ نام کی کوئی بھی طالبہ اگر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی میں داخلہ لے گی تو انہیں پہلے تعلیمی سال کے لئے ٹیوشن فیس سے استثنیٰ قراردیاجائیگا۔

 

ایم ایس کےمینیجنگ ڈائریکٹر انور احمد نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ مؤثر تربیت گھر اور اسکول دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور حقیقی کامیابی صرف ڈاکٹر یا انجینئر بنانا نہیں بلکہ ایسے پیشہ ور افراد تیار کرنا ہے جو اسلامی اصولوں کی روشنی میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے دین و دنیا دونوں میں سرخرو ہوں۔ جبکہ مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر معظم حسین نے بچوں کی تربیت میں والدین، خصوصاً والد کے کردار پر روشنی ڈالی اور بچوں کے ساتھ دوستانہ مکالمے اور رہنمائی کی اہمیت بیان کی۔

 

تقریب کے دوران ایس ایس سی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی صفاء محمد نیّر، اسبا نورین، زینب فاطمہ اور زہرہ فاطمہ اور عطیہ امت المصور ، مدیحہ تاجی، عائشہ شرین اور محمد عبدالقدوس کو غلام رسول خان (جی آر کے)ایوارڈز سے نوازا گیا۔ایم ایس کا منفرد” 13 سالہ مسلسل حاضری ایوارڈ“ مدیحہ النساء، محمد عبدالباری اور حمزہ ذکی الدین کو دیا گیا۔ انہیں انٹرمیڈیٹ کی تعلیم کے لیے اسکالرشپ دینے کا اعلان بھی کیا گیا، جس کے زریعہ اانٹرمیڈیٹ کے دو سال ان کی ٹیوشن فیس معاف ہو جائے گی۔

 

تقریب میں بین الاقوامی سطح پر نمایاں خدمات انجام دینے والے طلبہ، ورلڈ ٹین پارلیمنٹ کےلئے منتخب اراکین اور سری لنکا میں منعقدہ بین الاقوامی اسکاؤٹنگ ایونٹ میں بھارت کی نمائندگی کرنے والے ایم ایس کے دو طلبہ پر مشتمل کبس اینڈ بلبلز دستے کی بھی ستائش کی گئی۔ اخلاق شو 2026 کے دوران منفرد اسٹالس اور اسٹیج شوز کے زریعہ طلبہ نے حمد، نعت، تقاریر اور پر فکر انگیز خاکوں کے ذریعے تربیت، نماز، شکر اور حسنِ اخلاق جیسے موضوعات کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔

 

مجموعی طور پر یہ تقریب ادارے کے اس مشن کی عملی تصویر ثابت ہوئی کہ وہ علم کے ساتھ کردار کی روشنی بھی فراہم کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button