کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا سالانہ ۲۴ واں جلسہ شب برأت سے علامہ مفتی سلمان ازہری ، علامہ مفتی سید ریحان میاں ؛ علامہ ڈاکٹر سید عبدالمعزحسینی قادری شرفی و دیگر کے خطابات
شب برأت اُمت محمدیہ کیلئے مغفرت و بخشش کی عظیم رات ،نبی پاکؐکی غلامی سے بڑھ کر دنیا کی کوئی نعمت نہیں
کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا سالانہ ۲۴ واں جلسہ شب برأت سے علامہ مفتی سلمان ازہری (جامعہ ازہر)، علامہ مفتی سید ریحان میاں (اترپردیش) علامہ ڈاکٹر سید عبدالمعزحسینی قادری شرفی و دیگر کے خطابات
حیدرآباد۔2/فروری2026ء ( راست ) شب برأت عظیم نعمتوں ولی رات ہے ، اللہ تعالی نے ہمیں دنیا کی تمام اُمتوں میں افضل بنایا ہے یہ صرف بتایا نہیں گیا بلکہ نعمتوں کے ساتھ ہمیں سرفراز بھی کیا گیا ہے ۔ نبی پاک ﷺ کے صدقہ و طفیل اللہ پاک نے ہمیں کئی نعمتیں عطا فرمائیں ۔ قرآن پاک جیسی عظیم آسمانی کتاب سے ہمیں سرفراز کیاگیا ۔
جس میں زندگی گذارنے کا بہترین سلیقہ و تربیت دی گئی ہے عبادت ، ذکر الہٰی ، حضور پاک ؐسے محبت ، انبیاء کی تعظیم ، اولیاء کی تعظیم ، دیگر مذاہب کی حقیقتیں ، حلال و حرام کی تمیز ، رشتوں کا احترام غرض کے نظام زندگی کا ہر سلیقہ و تربیت ہمیں بتادی گئی اور سب سے بڑی عطا یہ ہے کہ ہمیں نبی پاک ﷺ کے ذریعہ ایمان جیسی عظیم نعمت عطا فرمائی ۔ آج کچھ ملحد و بے دین خدا کے ہونے کی دلیل مانگتے پھر رہے ہیں ،کہ خدا ہے تو اسکی دلیل دیجئے ۔ایسا ہی ایک واقعہ شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال ؔکے ساتھ گذرا کسی نہ پوچھا کہ آپ خدا کو کیسے مانتے ہیں ۔ کوئی عقلی یا علمی دلیل دیجئے
۔ تو اس پر علامہ اقبالؒؔ نے کہا کہ ۔۔ میں نے خدا کے ہونے کو صرف اور صرف ایک عظیم ہستی کے الفاظ پر قبول کیا جنہوں نے اپنی زندگی میں کبھی جھوٹ نہیں بولا یہاں تک کہ مذاق میں بھی جھوٹ نہیں بولا ’’ وہ مبارک ہستی ہیںہمارے آقائے دوجہاں محمد مصطفیٰ ﷺ ہیں ٗ ٗ ۔ جب ہمارے آقا کریم نے فرمادیا کہ خدا ہے تو اب اس میں کوئی شک کی گنجائش نہیں ۔ کیا کسی مولوی یا پیر یاعوام الناس نے خدا کو دیکھا ہے نہیں دیکھا لیکن جب خدا کا نام آتا ہے تو مساجد میں ہم بے ساختہ سجدوں میں گرجاتے ہیں ۔ سونچئے قرآن پاک کا پیغام ہے کہ ، تم تفکر کیا کرو ۔ دوسری تمام قوموں نے اپنے اپنے خداوںکی تصویریں بنالیں ہیں ۔
لیکن ایک واحد قوم ، قوم مسلم ہے جن کی کروڑوں مساجد ہیں لیکن کہیں پر کوئی تصویر نہیں صرف اور صرف غیب پر ہمارا ایمان ہے ۔ بنا دیکھے رب تعالیٰ کی عبادت کرنے والی واحد قوم ہم ہیں جن کو رب تعالیٰ نے اپنی محبوب قوم فرمایا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے عظیم الشان چوبیسواں مرکزی جلسہ شب برأت و تحفظ ِ ناموس رسالت ؐ منعقدہ3/فروری 2026ء بروزمنگل بعد عشاء گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ سے بیرونی مہمان مقرر عالمی شہرت یافتہ اسلامک اسکالر ،مفکر اسلام حضرت علامہ مفتی سلمان ازہری حفظہ‘ اللہ (فاضل جامعہ ازہر) نے کیا ۔
جلسہ کی سرپرستی حضرت مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی ، نگرانی عالیجناب محمد شوکت علی صوفی نے کی ۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) نے مہمان مقررین کا پر جوش استقبال کیا ۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری کلیم الدین حسان کی قرأت سے ہوا ، بارگاہِ رسالتمآب ؐ میں ثناء خوان محمد صدیق ، داؤد قادری نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ نظامت کے فرائض محمد کمالی حسین رضوی نے انجام دئیے ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا محمد اخلاق اشرفی صاحب (صدر نشین ورلڈ قرآنک مشن ) ، حکیم ایم اے ساجد قادری ملتانی صاحب ، جناب محمد نعیم صوفی صاحب ، مولانا ظہیر الدین رضوی القادری ،مولانا محمد عبدالماجد رضاقادری ، مولانا مفتی فاروق رضا قادری مولانا شاکر اشرفی ، ڈاکٹر حیدر یمنی صاحب ، ڈاکٹر محمد عظیم برکاتی (ایڈوکیٹ) ، محمد سرشار (ایڈوکیٹ ہائی کورٹ) ، سید اعزاز محمد قادری (اعجاز پریس) نے شرکت کی ۔ مفتی سلمان ازہری صاحب نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے فرمایا کہ ہم وہ قوم ہے جس کو پاکیزہ چیزوں کی ہدایت دی گئی ہے
، پاکی اختیار کرنے اور پاکیزہ و حلال غذاوں کا استعمال کرنے کا حکم دیا گیا ہے ، اللہ پاک نے ہمیں سب سے بڑی چیز عقل (Sense) عطا فرمائی ہے ، آج دوسری قوموں میں کوئی کسی جانور کا پیشاب پی رہا ہے ، کوئی گوبر کھارہا ہے اسلام نے ان چیزوں سے منع فرمایا ہے کیونکہ اس میں کوئی شفاء نہیں بلکہ یہ انسانوں کی صحت کیلئے نقصان دہ ہے ۔ ہمیں خیر اُمت کہا گیا ہے ۔ ہم پر شراب حرام قرار دی گئی اور نشہ حرام کیا گیا ، آج ہمیں اس بات کو سمجھنے کی ضرورت جب اللہ تعالیٰ نے ہمیں پاکیزہ چیزیں عطا فرمائی، تمام بہترین نعمتوں سے نوازا ، قرآن مجید عطا فرمائی ، شب معراج ، شب برأت، شب قدر ، ایمان ، نماز ، روزہ ، حج ، زکوۃ ، جیسے انعامات عطا فرمائے ۔ یہ تمام انعامات صرف اور صرف حضور پاک ﷺ کی بدولت ہمیں ملے ہیں
۔ پھر حضور پاک ﷺ کی غلامی کو ہم کیسے چھوڑیں ۔ ہماری سب بڑی طاقت ایک خدا پر ایمان ہے اور حضور پاک ﷺ سے محبت ہے ۔ علامہ اقبال ؒؔ کے یہ اشعار ہمارے لئے مشعل راہ ہیں کہ ۔ توحید کی امانت سینوں میں ہے ہمارے :: آساں نہیں مٹانا نام و نشاں ہمارا ۔ مسلمانوں کو گھبرانے اور ڈرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ اللہ آپ کا قرآن میں حکم ہے کہ ’’ گھبراؤ مت اللہ تمہارے ساتھ ہے ٗ ٗ ۔ جب یہ جملہ ہمیں دیا گیا تو جان لو کہ اللہ ہر منزل پر ہمارے ساتھ ہے ۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دوسرے مہمان مقرر شمالی ہند کے نامور عالم دین ،مفکر اسلام ، علامہ مفتی سید ریحان میاں صاحب (خانقاہ معظمیہ ، سنبھل ، اتر پردیش) نے کہا کہ ہم دنیا میں کیوں بھیجے گئے ہمارا مقصد کیا ہے ، ہمیں اُمت محمدیہ ﷺمیں پیدا ہونے کا شرف کیوں دیا گیا ،
ہمیں اس پر تفکر کرنا ضروری ہے کیونکہ یہی تفکر ہمیں دنیا و آخرت میں کامیاب کرے گا ۔ اسلام پاکیزہ مذہب ہے اور ہر چیز کی ہدایت و تعلیم ہمیں سکھادی گئی ۔ یہاں تک کہ ہمیں دیگر مذاہب کے مقابل کئی نعمتوں سے نوازا گیا جس میں عظیم متبرک راتیں شامل ہیں جس میں آج کی عظیم شب ، شب ِ برأت بھی شامل ہے ۔ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی قابل مبارکباد ہے جو ان متبرک راتوں میں ایسے عظیم جلسوں اور کانفرنسوں کاانعقاد عمل میں لاتی رہتی ہے ۔ اور نوجوانوں کی اصلاح اور ایمان و عقیدہ کے تحفظ کیلئے مسلسل 30سالوں سے اپنی گرانقدر خدمات انجام دے رہی ہے ۔
فرزندانِ توحید کا ہجوم اس بات کی دلیل ہے کہ حیدرآباد دکن میں ہی نہیں بلکہ سارے ہندوستان میں کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی اپنی دینی خدمات کی وجہ سے معروف ہوچکی ہے ۔ اللہ پاک مزید کامیابیاں عطا فرمائے ۔ آج کی رات بڑی فضیلت واہمیت والی رات ہے ، ہمیں اپنے ایمان کا تحفظ سب سے ضروری ہے کیونکہ گناہوں کے فتنے ہر طرف سے مسلمانوں کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ کہیں شراب عام ہوچکی ہے ، کہیں زنا عام ہوچکا ہے
، کہیں دین کے لُٹیرے ایمان و عقیدہ کی دھجیاں اڑانے بیٹھے ہیں ، لیکن مسلمانوں تمہارا ایمان اس بات کی اجازت نہیں دیگا کیونکہ تم نے اپنا دل دنیا کو نہیں دینا بلکہ تم نے اپنا دل حضور پاک ؐکے قدموں میں پیش کردینا ہے پھر دیکھو ساری دنیا تمہارے قدموں میں ہوگی ، آج ساری قومیں تمہیں برباد کرنے لگی ہے لیکن ایک طاقت ہے جو تمہیں گرنے نہیں دیگی اگر تم اپنی محبت کا تعلق حضور پاک ﷺ سے جوڑلو پھر دیکھو دنیا کی تمام قوتیں و طاقتیں پسپا ہوجائیں گی
۔ میں نوجوانوں سے گذارش کرونگا کہ آج کی رات مغفرت و بخشش کی رات ہے ، آج عہد کرلو کہ آج سے ہم کوئی گناہ نہیں کرینگے ، بارگاہِ رب العزت میں ہمیشہ توبہ کرینگے ، نمازوں کی پابندی کرینگے ، قرآن پاک کی تلاوت اور حقوق العباد کی پاسداری کرینگے یہی ہماری کامیابی کا ذریعہ بنے گی ۔ اپنے آپ کو اور اپنی اولاد کو بہترین دینی تعلیم و تربیت دینا ہمارا اہم فریضہ ہے ۔ حضرت علامہ ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی (کامل الحدیث جامعہ نظامیہ)نے اپنے خطاب میں کہا آج کی عظیم رات مغفرت و نجات کی رات ہے
، اس عظیم رات میں اللہ تعالیٰ تین بڑے گناہگاروں کو معاف نہیں کرے گا ، ایک مشرک و کافر ،جادو گر ، دوسرا رشتوں کو قطع کرنے والے اور، تیسرا ماں باپ کے نافرمان کو ، جب تک یہ تین بڑے گناہگار بھی سچی توبہ نہ کرلیں انہیں اللہ تعالیٰ معاف نہ کرے گا ۔ قرآن پاک میں رب تعالیٰ نے ماں باپ کے آگے ادب سے جھکنے کا حکم فرمایا ہے اور فرمایا کہ ان سے تیز اور بلند آواز میں بات نہ کرنا ، للہ اے نوجوانو! اپنے ماں باپ کو راضی کرلو ، تمہاری دنیا و آخرت کامیاب ہوجائیگی ۔ عصر حاضر میں نوجوان نافرمانی کو فیشن سمجھ رہے ہیں لیکن انہیں معلوم کہ یہ فیشن انہیںدنیا ، قبر و حشر میں بڑے عذابات کی دعوت دے رہا ہے ، جتنے انبیاء و اولیاء گذرے ہیں سبھوں نے والدین کی عظمت کو بیان کیا اور کئی اولیاء نے تو یہ بھی کہہ دیا کہ ہم نے جو کچھ پایا وہ صرف اپنے ماں باپ کی فرمانبرداری پر پایا ہے ۔
مولانا سید شاہ عبدالمقتدر حسینی رضوی قادری شرفی ، مولانا محمد اقبال احمد رضوی ، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( نائب صدر رحمت عالم کمیٹی )نے بھی خطاب کیا ۔ محمد اسلم اشرفی ، محمد عادل اشرفی ، سید لئیق قادری ، محمد عبدالمنان عارف قادری ، عبید اللہ سعدی قادری شرفی ، عبدالکریم رضوی ، سید طاہر حسین قادری نے انتظامات کئے ۔ ہزاروں کی تعداد فرزندان توحید نے شرکت کی آخر میں ذکر و صلوٰۃ و سلام پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔



