این آر آئیز “اسٹارٹ اپ” پروگرام سے فائدہ اٹھائیں۔ ریاض میں عامر علی خان کا خطاب

ریاض ۔ کے این واصف
“ہندوستانی بزمِ اردو” اور “بزمِ اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب” ریاض کے زیر اہتمام نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خان کا شاندار خیرمقدم۔ واضح رہے کی جناب عامر علی خان ان دنوں “سعودی میڈیا فورم 2026” کانفرنس میں شرکت کی غرض سے سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔
اس پراثر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب عامر علی خان نے کہا کہ خلیجی ممالک کے این آر آئیز اپنے تجربہ کو بروئے کار لائیں اور اپنے وطن میں اسٹارٹ اپ کے لئے دی جانے والی سہولیات سے استفادہ کریں۔ انھون نے کہا کہ تلنگانہ میں ایس آئی آر سے کوئی بڑا مسئلہ تو نہیں ہوگا لیکن ہمیں سارے دستاویزات بنالینا چاہئے۔
عامر علی خان نے یہ بھی کہا کہ این آر آئیز اپنے بچوں کو روایتی میڈیسن و انجنئیرنگ کے علاوہ دیگر پروفیشنل کورسس کی طرف بھی توجہ کرین اور اپنے بچون کو ان کے مسابقتی امتحانات کی تیاری کرائیں۔ انھون نے کہا کہ خلیج اور خاص طور پر سعودی عرب کے انڈین اسکولس کے طلبہ بہت ذہین ہوتے ہیں۔ ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
نیوز ایڈیٹر سیاست نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کو ہر طرح سے پریشان کیا جارہا ہے لیکن ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ امید رکھنا چاہئے کہ حالات پھر سے بہتر ہوں گے۔ آج کا مسلمان فوری ردعمل ظاہر نہیں کرتا اور سوچ سمجھ کر قدم اٹھاتا ہے یہ اچھی علامت ہے۔
عامر نے کہا کہ عدالتوں میں ہماری خواتین کی تعداد بہت زیادہ ہے جو معمولی جھگڑوں کی وجہ سے کیسس میں مبتلاہو رہتی ہیں۔ ذکوۃ کے معاملہ میں انھون نے کہا کہ اس بات پر توجہ دی جائے کہ ہماری ذکوۃ ایسی ہو کہ حاصل کرنے والے اگلے سال خود ذکوۃ ادا کرنے کے قابل بن جائیں۔ دوران خطاب انھون نے “سیاست ملت فنڈ” کی خدمات کی تفصیل سے بھی واقف کریا۔
صدر ہندوستانی بزمِ اردو ریاض محمد سیف الدین نے ہندوستانی بزم اردو اور عبدالقدوس جاوید نے “بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب” ریاض کا تعارف پیش کیا۔ سینئر ٹوسٹ ماسٹر محمد مبین نے محفل میں شریک مختلف سماجی تنظیمون سے وابستہ اہم شخصیات کا تعارف کروایا۔ انھون نے عامر علی خان سے ریاض کے این آر آئیز کی سرگرمیون کی روزنامہ سیاست میں جگہ دئیے جانے کی گزارش کی۔
نیز مبین نے مہمان خصوصی جناب عامر علی خان کی شال پوشی کی اور یادگاری تحائف پیش کئے۔ جبکہ انجینئر محمد عبدالباری چیف گروتھ آفیسر MASAH اسپشلائزڈ کنسٹرکشن کمپنی، سعودی عرب نے کے این واصف کی کتاب Indian Architectural Heritage کی کاپی پیش کی۔ یہ کتاب انجینئر محمد عبدالنعیم چیرمین مسح کنسٹرکشن کمپنی کے تعاون سے شائع ہوئی ہے۔
اس موقع پر معروف شاعر افتخار راغب نے عامر علی خان کو اپنا شعری مجموعہ بھی پیش کیا۔ اس کے علاوہ آل انڈیااسٹیرنگ کمیٹی کے کنوینر محمد ضیغم خان، اور سینئر این آر آئیز عبدالاحد صدیقی، سلطان مظہرالدین نے بھی اظہار خیال کیا۔ سید عتیق احمد کے ہدیہ تشکر پر اس محفل کا اختتام عمل میں آیا۔



