دیپک کمار کو ہندو رکشا دل کی دھمکی

نئی دہلی: ریاست اتر کھنڈ میں مسلم بزرگ شخص کی مدد کرنے والے دیپک کمار جو اس وقت محمد دیپک کے نام سے مشہور ہوچکے ہیں انھیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔اسی دوران ہندو رکشا دل کی رہنما پنکی چودھری نے
دیپک کو دھمکی دیتے ہوئے کئی ویڈیوز پوسٹ کیں۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے جمعرات کو جم کے سامنے جمع ہونے کی اپیل کی۔ ایک اور ویڈیو میں وہ پولیس کے پاس کھڑے ہو کر دیپک کو سبق سکھانے کی دھمکی دیتی نظر آئیں۔
انہوں نے کہا“اتراکھنڈ حکومت نے ہمیں وہاں جانے سے روک دیا ہے لیکن میرے حامی وہاں جا رہے ہیں۔ ہم اسے سبق سکھائیں گے۔ اگر کوئی سناتن جذبات کو ٹھیس پہنچاتا ہے، تو ہم اسے درست کریں گے۔”
ویڈیوز سامنے آنے کے بعد پاؤڑی گڑھوال پولیس نے کہا کہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ضلع میں داخل ہونے اور باہر جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ بڑھا دی گئی ہے۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا “مشکوک افراد کی شناخت اور تصدیق کی جا رہی ہے۔ شہر کی اہم سڑکوں، چوراہوں، حساس مقامات، بازاروں اور عوامی جگہوں پر مناسب پولیس فورس تعینات ہے۔
پولیس ٹیمیں پیدل گشت کر رہی ہیں۔ کوٹدوار میں امن و امان خراب کرنے یا کسی بھی طرح بدامنی پھیلانے کی کوشش کرنے والے بیرونی افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔”
واضح رہے کہ دیپک کمار نے بتایا تھا کہ کوٹدوار میں واقع ہلک جم جو ایک کرائے کی عمارت میں چلتا ہے اور جہاں پہلے 150 ممبران تھے اب روزانہ صرف 15 افراد آتے ہیں۔



