جنرل نیوز

مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم کھمم کا سالانہ جلسۂ تکمیلِ حفظِ قرآن مجید و دعائیہ نشست – عالمِ دین مفتی فاروق مدنی کا خصوصی خطاب

مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم کھمم کے سالانہ جلسۂ تکمیلِ حفظِ قرآن مجید و دعائیہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے نامور عالمِ دین مفتی فاروق مدنی نے کہا کہ قرآن مجید قیامت تک آنے والے تمام انسانوں کے لیے ہدایت کا کامل سرچشمہ اور مکمل دستورِ حیات ہے، جس میں کامیابی، عدلِ اجتماعی اور انسانی فلاح کے اصول واضح طور پر بیان کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید پر حقیقی عمل ہی دنیا میں مثبت انقلاب لا سکتا ہے۔

 

مفتی فاروق مدنی، جو جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا (مہاراشٹرا) میں استاذِ حدیث و تفسیر اور فلاح دارین ترکیسر (گجرات) کے شیخ الحدیث ہیں، نے اپنے خطاب میں کہا کہ مدارسِ اسلامیہ دین کے مضبوط قلعے ہیں جہاں طلبہ کے سینوں میں قرآن مجید محفوظ کیا جاتا ہے، اور اس کی حفاظت خود اللہ تعالیٰ نے اپنے ذمہ لی ہے۔ انہوں نے موجودہ پُرفتن دور میں امتِ مسلمہ پر زور دیا کہ وہ قرآن مجید کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر باطل قوتوں کا مقابلہ کرے۔

 

انہوں نے مدارس سے فارغ ہونے والے حفاظ کو نصیحت کی کہ وہ روزانہ پابندی سے قرآن مجید کی تلاوت کریں، کیونکہ تلاوت میں غفلت اور گناہوں میں مبتلا ہونا قرآن بھول جانے کی بڑی وجوہات ہیں۔ مفتی صاحب نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بڑی تعداد میں حفاظ تکمیلِ حفظ کے بعد قرآن مجید کو دہرانے میں کوتاہی برتتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے مدارس کے مہتممین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ فارغ التحصیل طلبہ کی نگرانی، رہنمائی اور خبرگیری کا مؤثر نظام قائم کریں۔

 

اس موقع پر ناظمِ مدرسہ مولانا محمد سعید احمد قاسمی نے ادارے کی تعلیمی و دینی خدمات اور مستقبل کے منصوبوں پر جامع رپورٹ پیش کی، جبکہ مولانا یوسف زاہد مظاہری (سابق چیئرمین کھادی بورڈ تلنگانہ) نے بھی خطاب کیا۔

 

جلسہ میں مہمان علماء کے ہاتھوں تکمیلِ حفظ کرنے والے 12 طلبہ کی دستاربندی کی گئی اور سالانہ امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔

 

اجلاس میں علماء، حفاظ اور عوام کی بڑی تعداد شریک رہی اور مفتی فاروق مدنی کی دعا پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button