جگتیال بلدیہ کے وارڈ 46 میں آزاد امیدوار انیس خدیجہ کی شاندار کامیابی
جگتیال بلدیہ کے وارڈ نمبر 46 میں آزاد امیدوار انیس خدیجہ نے نمایاں اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی۔ انیس خدیجہ، نے 612 ووٹ حاصل کیے۔ ان کے مقابلے میں مجلس اتحاد المسلمین کی امیدوار شیرین فاطمہ 351 ووٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ کانگریس کی امیدوار اور سابق کونسلر فرحین سلطانہ 347 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔ اس طرح انیس خدیجہ نے 261 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی درج کی۔
انیس خدیجہ اس سے قبل بھی کونسلر رہ چکی ہیں جبکہ ان کے شوہر حسیب الدین بھی اسی وارڈ سے سابق کونسلر رہنے کے ساتھ ماضی میں کانگریس کے سرگرم کارکن اور جیون ریڈی کے قریبی رفقاء میں شمار ہوتے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے مقامی رکن اسمبلی سنجے کمار کی قیادت میں بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ موجودہ بلدی انتخابات میں کانگریس کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر حسیب الدین نے اپنی اہلیہ کو آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا، جہاں انہیں عوامی اعتماد حاصل ہوا۔
حسیب الدین اور ان کے فرزند سلطان الدین احمد طویل عرصے سے سماجی خدمات میں سرگرم رہے ہیں اور وارڈ کے عوامی مسائل کے حل میں پیش پیش رہے، جس کے نتیجے میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے انیس خدیجہ نے نہ صرف نمایاں کامیابی حاصل کی بلکہ سابق کونسلر و سابق وائس چیئرمین سراج الدین منظور کی اہلیہ فرحین سلطانہ کو بھی شکست دی۔



