نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں

نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں کسی بھی سیاسی پارٹی کو واضح اکثریت حاصل نہیں
بی جے پی 28 کانگریس 17، مجلس 14اور بی آر ایس 1امیدواروں نے کی کامیابی

نظام آباد:13/فروری (اردو لیکس) نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے 60ڈیویژنوں کیلئے ہوئی رائے دہی کے آج گورنمنٹ پالی ٹیکنک کالج نظام آباد میں ووٹوں کی گنتی کی گئی جس میں تاحال کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی اور عوامی فیصلہ محلق رہا۔ ووٹوں کی گنتی کے نتائج میں برسراقتدار کانگریس پارٹی نے 17بلدی ڈیویژنوں، بی جے پی نے 28ڈیویژنوں اور مجلس اتحاد المسلمین نے 14ڈیویژنوں، بی آ ر ایس 1ڈیویژن سے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح 60بلدی ڈیویژنوں سے کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں ملی۔ برسر اقتدار کانگریس پارٹی نے بلدی ڈیویژنوں 1,9,10,11,12,13,21,33,38,40,41,43,47,49,58,59,60 بشمول جملہ 17ڈیویژنوں سے کامیابی حاصل کی۔میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے موقع پرکانگریس پارٹی کے رورل ایم ایل اے بھوپت ریڈی اور پی سی سی صدر و ایم ایل سی مہیش کمار گوڑایکس آفیشو ممبر کی حیثیت سے ووٹ کا حق رکھتے ہیں۔ جبکہ مجلس اتحاد المسلمین نے ڈیویژن نمبر14,15,29,30,31,32,46, 51,52,53,54,55,56,57بشمول جملہ 14 ڈیویژنوں سے کامیابی حاصل کی۔
جیکہ کانگریس پارٹی نے پچھلے بلدی انتخابات میں صرف 2ڈویژنوں سے کامیابی حاصل کی تھی جس میں مسلم اقلیتی علاقوں سے ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کی تھی۔ جبکہ اس بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17ڈیویژنوں بشمول 5مسلم ڈیویژنوں سے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ اسی طرح مجلس اتحاد المسلمین نے جہاں گذشتہ بلدی انتخابات میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 16ڈیویژنوں سے کامیابی حاصل کی تھی اس مرتبہ صرف 14ڈیویژنوں سے کامیابی حاصل کرسکی۔ جبکہ بی آر ایس پارٹی نے پچھلے بلدی انتخابات میں 3مسلم کارپوریٹرس نے کامیابی حاصل کی تھی اس مرتبہ بلدی انتخابات میں بی آر ایس پارٹی کا انتہائی ناقص مظاہرہ رہا اور ایک بھی مسلم کارپوریٹر منتخب نہ ہوسکا۔ اس بلدی انتخابات میں سابقہ ڈپٹی میئر مجلس اتحاد المسلمین محمد ادریس خان نے دوسری مرتبہ ڈیویژن نمبر55سے شاندار کامیابی حاصل کی
اسی طرح صدر مجلس ٹاؤن نظام آباد محمد شکیل احمد فاضل نے مسلسل تیسری مرتبہ شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہیٹرک کی۔ بی جے پی پارٹی نے پچھلے بلدی انتخابات میں 28ڈیویژنوں سے کامیابی حاصل کی تھی
اس مرتبہ بھی 28ڈیویژنوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے میئر کے عہدہ کی دعویدار بن سکتی ہے جبکہ بی جے پی کے ایم ایل اے، ایم پی اور ایم ایل سیز کے ایکس آفیشو ممبرکی حیثیت سے ووٹ کا حق حاصل ہے۔مئیر اور ڈپٹی مئیر کا انتخاب 15/ فروری کو عمل میں آئیگا۔



