ریاست کے میونسپل انتخابات میں 75فیصد کانگریس پارٹی کی شاندار کامیابی عوام کے خط اعتماد کا اظہار : مہیش کمار گوڑ

ریاست کے میونسپل انتخابات میں 75فیصد کانگریس پارٹی کی شاندار کامیابی عوام کے خط اعتماد کا اظہار
پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ کی نظام آباد صحافتی کانفرنس۔ عوام سے کیا اظہار تشکر
نظام آباد:13/فروری (اردو لیکس) پی سی سی صدر و ایم ایل سی مسٹر مہیش کمار گوڑ نے تلنگانہ ریاست میں بلدی انتخابات میں تقریباً 75فیصد بلدیات میں کانگریس پارٹی کی شاندار کامیابی پر تلنگانہ عوام ورائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت پر عوام کا یہ خط اعتماد ہے۔ پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ آج شام کانگریس بھون نظام آباد میں صحافتی کانفرنس سے مخاطب تھے کہاکہ تمام اپوزیشن پارٹیوں کی تنقیدوں و تہمتوں کے باوجود تلنگانہ عوام نے کانگریس پارٹی کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دیااور 75فیصد بلدیات میں کانگریس کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ بلدی انتخابات پر امن ماحول میں انعقاد عمل میں آئے۔ تمام اپوزیشن پارٹیوں کے ایک جٹ ہونے کے باوجود کانگریس پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہاکہ کریم نگر اور نظام آباد میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات میں بی جے پی نے مذہبی تفرقہ پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی ہے اس کے باوجود کانگریس نے کامیابی حاصل کی۔ پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ آئندہ تین سالوں میں کانگریس حکومت عوام کے تواقعات کو پوراکرے گی اور آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات میں 90سے زائد اسمبلی حلقوں سے کامیابی حاصل کرے گی۔ اسی طرح گریٹر حیدرآباد کے بلدی انتخابات ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات میں بھی کانگریس پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدہ کیلئے مجلس پارٹی سے بھی مفاہمت کے سلسلہ میں لائحہ عمل و غور وخوص کیاجائے گا۔ جبکہ بلدی انتخابات میں کانگریس اور مجلس انتخابی میدان میں تھے۔انہوں نے کہاکہ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے مجلسی علاقوں سے 5 ڈویژنوں سے کانگریس امیدواروں نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ اس صحافتی کانفرنس میں صدر ضلع کانگریس ناگیش ریڈی، اردو اکیڈمی چیرمین طاہر بن حمدان، سٹی صدر کانگریس ببولی راماکرشنا، نوڈا چیرمین کیشو وینو، کانگریس قائدین گڑگو گنگادھر،ارکلہ نرساریڈی، شیکھرگوڑ، رام بھوپال، مانالہ موہن ریڈی، ایم اے قدوس، اشفاق احمد خان پاپا، جاوید اکرم، سید قیصر، ویپل گوڑ، پریتم ودیگر قائدین موجود تھے۔



