عادل آباد کی سیاست میں غیر معمولی گہماگہمی، کانگریس کو آزاد امیدواروں کی تائید حاصل ! آخر “کنگ میکر” کون ؟

عادل آباد۔ 14/فروری (اردو لیکس) بلدی سیاست اس وقت انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ بلدی نتائج کے بعد معلق صورتحال نے تمام جماعتوں کی دھڑکنیں تیز کر دی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کانگریس کو متعدد آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل ہو رہی ہے جس کے باعث سیاسی منظرنامہ نئی کروٹ لیتا دکھائی دے رہا ہے۔
کانگریس قائدین کَندی سرینواس ریڈی اور نریش جادھو انتہائی حکمت عملی کے تحت پیش قدمی کر رہے ہیں اور اراکین کی حمایت مستحکم کرنے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب یہ قیاس آرائیاں بھی زور پکڑ رہی ہیں کہ آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (ایم آئی ایم) کی جانب سے کانگریس کو حمایت ملنے کا امکان موجود ہے، جس سے طاقت کا توازن بدل سکتا ہے۔
ادھر بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) اس وقت کلیدی کردار میں دکھائی دے رہی ہے، معلق بلدیہ کی صورتحال میں یہ سوال سب کی زبان پر ہے کہ آخر “کنگ میکر” کون ثابت ہوگا۔
سیاسی حلقوں میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور آئندہ حکمت عملی پر مسلسل مشاورت جاری ہے۔ 16 تاریخ کو چیئرپرسن اور وائس چیئرمین کے انتخابات منعقد ہوں گے،
جس کے بعد ہی اقتدار کی اصل تصویر واضح ہوگی۔ عادل آباد کی سیاست اس وقت انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور عوام کی نظریں آئندہ پیش رفت پر مرکوز ہیں۔



