غوث نگر اسکول میں جماعت دہم کی شاندار وداعی تقریب اور ’’استادِ ماہ‘‘ اعزازات

غوث نگر اسکول میں جماعت دہم کی شاندار وداعی تقریب اور ’’استادِ ماہ‘‘ اعزازات —
گورنمنٹ ہائی اسکول، غوث نگر میں تعلیمی سال 2025-26 کی دوسری بیچ کے جماعتِ دہم کے طلبہ کی وداعی تقریب نہایت شان و شوکت، نظم و وقار اور جذباتی وابستگی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ یہ تقریب محض ایک رسمی اجتماع نہ تھی بلکہ یادوں، عزم اور تشکر کا ایسا سنگِ میل ثابت ہوئی جس نے اساتذہ اور طلبہ کے درمیان علمی و قلبی رشتوں کو مزید مستحکم کر دیا۔
تقریب کا آغاز طلبہ کی تقاریر سے ہوا ،طلبہ نے فرداً فرداً اساتذۂ کرام کے متعلق اپنے تاثرات پیش کیے۔ ہر طالب علم نے اس امر کا برملا اظہار کیا کہ انہوں نے اپنے معلمین سے نہ صرف درسی علوم حاصل کیے بلکہ زندگی گزارنے کا سلیقہ، کردار کی پختگی اور مقصدِ حیات کی سمت بھی پائی۔ طلبہ نے عہد کیا کہ وہ حاصل کردہ اسباق کو آئندہ بورڈ امتحانات میں کامیابی کے لیے بروئے کار لائیں گے اور اپنی کامیابی کو اساتذہ کے لیے بہترین ’’گرو دکشِنا‘‘ بنائیں گے۔
اس موقع پر طلبہ کی جانب سے ہر معلم کو تحائف پیش کیے گئے اور نہایت دلنشیں تقاریر کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا گیا۔ تقریب کا ہر لمحہ محبت، احترام اور قدردانی کے حسین رنگوں سے مزین تھا۔
صدرِ مدرس جناب شاہد علی حسرت نے اپنے پُراثر خطاب میں فرمایا:
> ’’آپ اسکول کی عمارت سے رخصت ہو رہے ہیں، لیکن ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ آپ کی یادیں اس ادارے کی دیواروں کی مانند ہمیشہ قائم و دائم رہیں گی۔‘‘
انہوں نے مزید فرمایا کہ طلبہ کے لیے حقیقی ’’گرو دکشِنا‘‘ یہی ہے کہ وہ اپنے اساتذہ، والدین اور اسکول کا نام روشن کریں اور علاقے میں علم و کردار کی مثال بنیں۔
اکیڈمک انچارج محمد رفیق صاحب نے طلبہ کے تعلیمی سفر اور طلبہ میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں کا تفصیلی احاطہ کیا اور طلبہ سے جذباتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے وہ مغلوب ہو گئے۔
بعد ازاں ’’ٹیچر آف دی منتھ‘‘Teacher Of The) Month)کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ماہانہ بنیادوں پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔ یہ اعزازات معزز مہمانانِ گرامی جناب محمد عبدالرشید صاحب (اسٹیٹ ٹیچرز یونین کے قائد)، جناب عبدالباری صاحب، سید عظیم الدین صاحب اور محمد حمید الدین صاحب کے دستِ مبارک سے تقسیم کیے گئے۔
پرائمری سیکشن سے حمیرہ فاطمہ، عارفہ بیگم اور سوری ولیم سٹینز جبکہ ہائی اسکول سے محمد رفیع، سید خالد، سمرین فاطمہ اور عرفانہ انجم کو ’’استادِ ماہ‘‘ Teacher Of The Month کے اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر معزز مہمان جناب محمد عبدالرشید صاحب کے ہاتھوں جماعتِ دہم کے طلبہ و طالبات میں میڈلز اور ایگزام پیڈز(Exam (Pads تقسیم کیے گئے، جس سے طلبہ کے حوصلے مزید بلند ہوئے اور امتحانات کی تیاری کے لیے ان کے عزم کو تقویت ملی۔
نظامت کے فرائض سید خالد نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے جبکہ اظہارِ تشکر محمد رفیع نے پیش کیا۔
اس موقع پر محمد رحمت صدر معلم نوری نگر ،سید عظیم الدین صدر معلم امان نگر نگر، عبدالحفیظ ،محمد عبدالتمیم ، محمد عبداللہ مظہر، اعجاز الدین عبید، محمد وحید خان ،محمد اقبال ،شگفتہ یاسمین ،میمونہ بیگم قدسیہ سلطانہ، نسیم النسا شیخ صبیحہ بیگم رقیہ بیگم، نجمہ بیگم، عطیہ طلعت، سید سلیم الدین ،عبدالفرید ایس ایم سی چیئرمین میر سعادت علی صاحبین موجود تھے۔
یہ تقریب اپنے اندر علم و ادب کی روایت، استاد و شاگرد کے باوقار تعلق اور کامیابی کے روشن عہد کی ایک خوبصورت داستان سموئے ہوئے تھی۔ بلاشبہ، گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر کی یہ تقریب آنے والے دنوں میں بھی یادوں کے اوراق میں جگمگاتی رہے گی اور طلبہ کی کامیابیاں اس ادارے کے لیے فخر کا باعث بنتی رہیں گی۔




