تربیت، تفریح اور تخلیق کا حسین امتزاج عیدگاہ اجالے شاہ سعیدآباد پر سی آئی او کے رنگا رنگ چلڈرن فیسٹیول کا انعقاد

تربیت، تفریح اور تخلیق کا حسین امتزاج
عیدگاہ اجالے شاہ سعیدآباد پر سی آئی او کے رنگا رنگ چلڈرن فیسٹیول کا انعقاد
حیدرآباد (پریس نوٹ) ایک ایسے عہد میں جب بچوں کی توجہ کا بڑا حصہ اسکرینز کے حصار میں گزر رہا ہے، اُن کی فطری جستجو اور ذہنی رجحانات کو صحیح سمت دینا اور بروقت رہنمائی کرنا وقت کی ضرورت ہے اور یہ کام چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (سی آئی او) کے ذریعہ بخوبی انجام دیا جارہا ہے لہذا والدین بچوں کی اسلامی خطوط پر تربیت پر خاص توجہ دیں اور بچپن ہی سے ان کی شخصیت سازی کے لیے سی آئی او کے پلیٹ فارم سے استفادہ کرتے ہوئے انہیں سی آئی او کے حلقوں سے جوڑیں
۔ ان خیالات کا اظہار ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد ڈاکٹر مبشر احمد نے کیا ۔ وہ عیدگاہ اجالے شاہ گراونڈ سعیدآباد پر جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ کے زیراہتمام منعقدہ کل یومی ’چلڈرن فیسٹیول‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ یہ فیسٹیول سی آئی او کے زیرِ اہتمام ملک پیٹ کی مختلف بستیوں میں قائم چلڈرن سرکلس سے وابستہ بچوں کے لیے منعقد ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں کے شاندار اختتامی پروگرام کے طور پر آرستہ کیا گیا تھا۔ کامیاب بچوں کو میڈلز اور اسناد سے نوازا گیا۔ بچوں نے ’’یٰبُنَیَّ‘‘ کے عنوان سے قائم گیلری میں حضرت لقمان کی حکیمانہ نصیحتوں پر مبنی دلکش ماڈلز پیش کیے، جب کہ گیمز زون میں اٹھارہ رنگا رنگ کھیلوں نے فضا کو مسرت و جوش سے بھر دیا۔ عیدگاہ کے ایک گوشے میں سلائیڈر اور ٹرامپولین کا اہتمام بھی کیا گیا جہاں بچوں نے بے ساختہ خوشی کے ساتھ خوب لطف اٹھایا۔ اس خوبصورت فیسٹیول کی ایک اور نمایاں جھلک پُررونق فوڈ کورٹ تھا جس نے تقریب کو مزید دل آویز بنا دیا۔
قبل ازیں ناظم شہر ڈاکٹر مبشر احمد نے سی آئی او کا پرچم لہرایا۔ بچوں نے مہمانوں کا استقبال کیا اور مارچ پاسٹ کے بعد گراونڈ میں سی آئی او کا دائرہ بناکر ناظرین کے دل موہ لیے۔ امیرمقامی جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ جناب محمد مجیب الاعلیٰ نے سی آئی او کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور بچوں کو نیک بننے اور دوسروں کو نیک بنانے کی نصیحت کی نیز بچوں کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے مزاج و میلان کو سمجھ کر ان کی صلاحیتوں کو صحیح رخ دیں کیونکہ ہر بچہ منفرد ہوتا ہے اور مناسب ماحول اور توجہ کے ساتھ تربیت کے بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں۔افتتاحی سیشن سے جناب سید محمد عبدالقادر ناصرسٹی سکریٹری ادارہ جات نے بھی خطاب کیا۔
جناب منیرالدین نے نظامت کے فرائض انجام دیے ۔ شہ نشین پر جناب ضیاء الرحمان صدیقی سلیم معاون امیر مقامی ملک پیٹ اور جناب اعظم علی بیگ سٹی سکریٹری حیدرآباد بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں خواتین اور بچوں کے علیحدہ سیشن سے محترمہ خدیجہ مہوین سکریٹری جماعت اسلامی ہند ، تلنگانہ اور محترمہ فہیم سلطانہ ناظمہ شعبہ خواتین ملک پیٹ نے خطاب کیا اور بچوں نے متاثر کن تعلیمی مظاہرہ پیش کیا ۔ جناب منظور احمد کنوینر چلڈرن فیسٹیول، جناب محمد حنیف ، جناب سید عبدالجامع ، جناب محمد عبدالودود اور محترمہ ملیحہ صاحبہ انچارج سی آئی او ملک پیٹ نے انتظامات میں حصہ لیا۔




