مفتی اعظم ، حضرت شیخ ابوبکر احمد کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات

بھارت کے مفتی اعظم شیخ ابوبکر احمد نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران، دونوں قایدین نے متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے سماجی ہم آہنگی ، بھائی چارے کو آگے بڑھانے اور ملک بھر میں تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے مفتی اعظم کی قابل ستائش کوششوں کا ذکر کیا۔
ایک ایکس پوسٹ میں نریندر مودی نے کہا کہ ’’بھارت کے مفتی اعظم شیخ ابو بکر احمد صاحب کے ساتھ بہت اچھی بات چیت ہوئی۔ ہم نے متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ سماجی آہنگی اور بھائی چارے کو آگے بڑھانے اور تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے ان کی کوششیں قابل ذکر ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران، شیخ ابوبکر احمد نے وزیر اعظم کے ساتھ سماجی، انسانی ہمدردی، تعلیمی اور ترقیاتی امور پر معنی خیز گفتگو کی۔ اقلیتوں کی فلاح و بہبود سے متعلق کلیدی مسائل اور اہم بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
شیخ ابوبکر احمد نے اپنے حالیہ کیرالہ سفر کے دوران "انسانی ہمدردی کے ساتھ” کے عنوان سے مختلف طبقاتِ معاشرہ سے جمع کیے گئے خدشات اور درخواستوں کو وزیر اعظم کی توجہ میں لایا۔ انہوں نے آنے والے مقدس مہینہ رمضان کے لیے اپنا پیغام اور تاثرات بھی پیش کیے۔
وزیر اعظم نے سمستہ کیرالہ جمعیت العلما اور جامعہ مرکز کی قیادت میں کیے جانے والے تعلیمی اور سماجی فلاحی اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ یہ کوششیں معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور بھارت کی عالمی سطح پر ساکھ کو بڑھاتی ہیں۔
گفتگو میں جامع ترقی پر زور دیا گیا جو تمام طبقات کو شامل کرے۔ملاقات کے دوران مفتی اعظم نے وقف اور ایس آئی آر سے متعلق خدشات، تاریخی مساجد اور اسلامی وراثتی عمارتوں کا تحفظ، مولانا آزاد نیشنل فیلوشپ سمیت اقلیتی تعلیمی فلاحی اسکیموں کی بحالی، بے گناہ افراد کو انصاف، شمالی ہند میں اسلامی اداروں جیسے مبارک پور جامعہ اشرفیہ کو درپیش چیلنجز، جنوبی ہند میں اہم زیارت گاہوں کو جوڑنے والی ٹرین سروسز کی تجاویز، اور علی گڑھ یونیورسٹی ملاپورم سینٹر کی ترقی شامل تھیں۔




