رمضان المبارک میں قران کریم کی تلاوت کا معمول بنا لینے کی تلقین جمیعت علماء جنگاؤں کے جلسہ استقبال رمضان سے علماء کرام کا خطاب

رمضان المبارک میں قران کریم کی تلاوت کا معمول بنا لینے کی تلقین
جمیعت علماء جنگاؤں کے جلسہ استقبال رمضان سے علماء کرام کا خطاب
جمیعت علماء شاخ ضلع جنگاؤں کی جانب سے جامع مسجد جنگاؤں میں جلسہ استقبال رمضان منعقد کیا گیا اس کی سرپرستی حضرت مولانا عبدالحفیظ صاحب قاسمی، سرپرست جمعیت علما جنگاؤں ،زیرنگرانی مسیح الرحمن ذاکر صاحب صدر جامع مسجد جنگاؤں اور صدارت مولانا عبدالرحمن سبیلی صدر جمیعت العلماء جنگاؤں نے فرمائی۔ مولانا فصیح الاسلام قاسمی نائب صدر جمیعت علماء کی
تلاوت کلام پاک محمد خواجہ مجتہد الدین کی نعت کے بعد کمسن نعت خواں محمد خواجہ مطاف الدین نے رمضان کی آمد پر ایک نظم پیش کی۔ مولانا عبدالحفیظ صاحب قاسمی نے فرمایا کہ جب رمضان آتا تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم صحابہ کو جمع فرما کر رمضان میں عبادتوں کی تلقین فرماتے رمضان میں دو چیزوں کی کثرت کر نےاور ایک کی طلب اور ایک سے پناہ مانگنے کی تلقین کرتے ۔ دو چیزیں جن کی کثرت کرنا ہے وہ کلمہ طیبہ کا ورداور استغفار کی کثرت اور جنت کی طلب اورجہنم سے پناہ مانگنے کی تلقین کرتے۔
انہوں نے حاضرین سے خاص طور پر رمضان میں اوقات کی حفاظت کرنے اور عبادتوں میں زیادہ سے زیادہ وقت صرف کرنے کا مشورہ دیا مہمان خصوصی جمیعت العلماء ضلع ورنگل کے جنرل سیکرٹری مولانا مفتی محمد زکریا قاسمی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ رمضان کو قران سے خاص نسبت ہے اور رمضان میں قران کی جتنی تلاوت کی جائے اللہ سے اتنا تعلق مضبوط ہوگا انہوں نے فرمایا کہ ہمارے اکابرین ہمارے علمائے کرام ہمارے بزرگان دین اولیائے عظام کا معمول رمضان میں کئی کئی قرانوں کی تکمیل کا تھا ہمیں بھی اپنے فارغ وقت میں قران کی تلاوت کو اپنا معمول بنا لینا چاہیے
نیز انہوں نے موبائل فون کے استعمال سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا اور فرمایا کہ ضرورت کی حد تک ہی موبائل فون کا استعمال کیا جائے اور خواتین اپنے پکوان کے دوران اور دیگر اوقات میں قران کی تلاوت ذکر و اذکار کا معمول کریں تاکہ اللہ کا قرب حاصل ہو انہوں نے کہا کہ یہ رمضان اللہ سے قرب حاصل کرنے کا مہینہ ہے اس میں دن میں روزہ رکھنا رات کی تراویح پڑھنا اور خاص طور پر تہجد کا اہتمام کرنا یہ رمضان میں تقوی اختیار کرنے کا ذریعہ ہوگا
انہوں نے نیز یہ بھی فرمایا کہ اس وقت سماعت قران کو ایک فیشن بنا کر اس کا اہتمام کیا جا رہا ہے اس سے بہتر ہے ہر ایک اپنے طور پر قران کریم کی تلاوت کریں اور اگر کوئی روانی کے ساتھ قران نہیں پڑھ سکتے تو اٹک اٹک کر پڑھیں یہ اٹک ٹک کر پڑھنا بھی اللہ تبارک و تعالی کو بے حد محبوب ہے
انہوں نے چھوٹے چھوٹے بہانوں سے روزہ چھوڑنے کو منع فرمایا اور فرمایا کہ اگر ایک روزہ رمضان کا چھوڑ دینا اس کے بجائے ساری زندگی بھی اگر روزے رکھے جائیں تو رمضان کے اس ایک چھوٹے ہوئے روزے کا بدل نہیں ہو سکتا انہوں نے جمیعت علماء جنگاؤں کو مبارکباد پیش کی کہ انہوں نے استقبال رمضان، رمضان کی تیاری کے لیے ایک جلسے کا انعقاد فرمایا تاکہ رمضان سے پہلے ہم کمر کس لیں اور پوری طرح تیار ہو جائیں اور رمضان کے فیوض اور برکات حاصل کریں
مولانا شاکر حسین قاسمی معتمد جمیعت العلماء ضلع جنگاؤں نے اظہار تشکر فرمایا اور مہمان مکرم کی دعا پر جلسے کا اختتام عمل میں آیا خازن جمعیت علماء محمد خواجہ مجتہدالدین نے جلسے کی کاروائی چلائی اس موقع پر ضلع جنگاؤں کے مختلف مقامات سے کثیر تعداد میں احباب نے شرکت فرمائی۔



