جنرل نیوز

مسلمانوں کے کھوئے ہوئے وقار کی بحالی کے لئے ’قرآن‘کی تلاوت اور سیرت النبیؐ کا مطالعہ ضروری۔مصری قراء کرام کی محفل نعت سے ڈاکٹر محمد قطب الدین اور پیر شبیر نقشبندی کا خطاب

حیدرآباد۔21/فروری۔مسلمانوں کو اپنے کھوئے ہوئے وقار اور شاندار ماضی کی عظمتوں کو بحال کرنا ہے تو ’قرآن مجید‘ کو سمجھ کر پڑھیں، عمل کریں اور اس کے پیغام کو عام کریں۔ سیرت النبیؐ کا نہ صرف مطالعہ کریں بلکہ خود اس کی عملی تفسیر بن جائیں۔ ان شاء اللہ آج جو مسلمانوں سے بد ظن ہیں، معتقد بن جائیں، ان خیالات کا اظہار ماہر نفیسات ڈاکٹر محمد قطب الدین ابو شجاع نے کیا۔

 

وہ 21 فروری کو میڈیا پلس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مصری قراء کرام کی محفل نعت سے مخاطبت کی سعادت حاصل کر رہے تھے۔ میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقدہ یہ محفل مولانا پیر شبیر نقشبندی کے زیر نگرانی منعقد ہوئی۔ جن کی عالمی قرآنی و روحانی تحریک کی دعوت پر مصری قراء کرام الشیخ عبد المحمود عبد اللہ، الشیخ عبد اللہ فتحی یوسف،الشیخ عزت رجب سلیمان علی، الشیخ محمد قطب، ہندوستان کے سرکاری دورہ پر ہیں۔ جناب سید اسماعیل پروپرائیٹر کرشمہ گروپ اور جناب محمد مکرم خان منیجنگ پارٹنر ایف ڈی خان کمپنی اعزازی مہمانوں کے طور پر شہ نشین پر موجود تھے۔

 

سید خالد شہباز نے نظامت کے فرائض انجام دیئے، ڈاکٹر محمد قطب الدین نے کہا کہ جنہوں نے نبی کریمؐ کی غلامی کی انہیں دنیا کی بادشاہت ملی۔ اگرچہ کہ غلامان نبیؐ نے فقیرانہ روش اختیار کی مگر بادشاہ وقت ان کی دہلیز پر حاضری دیتے رہے۔ انہوں نے نئی نسل کو قرآن، اسوہ حسنہ اور تاریخ اسلام سے واقف کروانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پیر شبیر نقشبندی نے عالمی قرآنی و روحانی تحریک کے پس منظر پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ گزشتہ 35 برس کے دوران انہوں نے 12صدور جمہوریہ ہند اور 13 وزرائے اعظم کو مختلف زبانوں میں قرآن پاک کے نسخے نہ صرف پیش کئے بلکہ ان کے سامنے قرآن کے پیغام کو سمجھنے کی دعوت دی۔ اس عرصہ میں 220 قراء کرام نے ہندوستان کا دورہ کیا۔

 

انہوں نے رقت انگیز دعا ء کی۔ مہمان مصری قراء کرام نے قراء ت کلام پاک سے سماں باندھ دیا اور بارگاہ رسالت مآبؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ جناب محمد مکرم خان نے مصری قراء کرام اور مہمانوں کو تہنیت پیش کی۔اس محفل میں ڈاکٹر مشتاق علی،حافظ و قاری محمد یونس علی خان،کے این واصف، ڈاکٹر محمد ناظم علی،محترمہ فاطمہ نسرین بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button