جنرل نیوز

کورٹلہ میں داخلہ امتحان کے دوران جماعتِ اسلامی کی مثالی خدمت، طلبہ و سرپرستوں کیلئے پانی اور پھلوں کا انتظام

تلنگانہ سوشیل ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام چلائے جانے والے اقامتی انگلش میڈیم اسکولس میں داخلوں کیلئے چہارم جماعت میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات کا داخلہ امتحان منعقد کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ امتحانی مرکز دفتر جماعت اسلامی ہند کورٹلہ سے متصل تھا، جہاں بڑی تعداد میں طلبہ اپنے سرپرستوں کے ساتھ پہنچے۔

 

اطلاعات کے مطابق امتحان میں شریک تقریباً 90 فیصد طلبہ اور اولیائے طلبہ کا تعلق دیہی علاقوں سے تھا۔ شدید گرمی کے پیش نظر امتحانی مرکز کے باہر سرپرستوں کیلئے سایہ یا قیام کی مناسب سہولت موجود نہ تھی۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے جماعتِ اسلامی کورٹلہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دفتر کے احاطے کو سرپرستوں کیلئے کھول دیا گیا۔

 

اس موقع پر جماعتِ اسلامی اور ایم پی جے کورٹلہ کی جانب سے ٹھنڈے پانی کا خصوصی انتظام کیا گیا۔ امتحان کے اختتام پر تقریباً 300 طلبہ و سرپرستوں میں پھل بھی تقسیم کئے گئے۔ اس اقدام کو حاضرین نے سراہتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت اور گنگا جمنی تہذیب کی عمدہ مثال قرار دیا۔

 

اس موقع پر امیر مقامی جماعتِ اسلامی کورٹلہ الیاس احمد خان، ایم پی جے کے ذمہ داران امجد علی، محمد جاوید علی، عبدالباری، ایس آئی او کے صدر محمد عدنان، جامع مسجد انتظامی کمیٹی کے صدر مسیع الدین، محمد اظہر الدین اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button