تلنگانہ

تلنگانہ اردو اکیڈمی کے ملازمین کو پانچ ماہ سے تنخواہیں نہیں – رمضان میں مالی مشکلات شدت اختیار کر گئیں

تلنگانہ اردو اکیڈمی کے ملازمین گزشتہ سال مئی تا ستمبر کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ انہیں مائینارٹی فنانس کارپوریشن (MFC) سے متعلقہ محکمہ اردو اکیڈمی میں منتقل کیا گیا تھا، لیکن تب سے ان کی پچھلی پانچ ماہ کی تنخواہیں روک رکھی گئی ہیں۔

 

ملازمین کے مطابق، MFC کے عہدیداروں نے ابتدا میں وعدہ کیا تھا کہ تنخواہیں جلد ادا کر دی جائیں گی، لیکن اکتوبر 2025 میں اکیڈمی منتقل کرنے کے بعد بھی اب تک، یعنی 2026 کے رواں مہینے تک، تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوئی۔ متعدد بار نمائندگی کرنے کے باوجود شفیع اللہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے صرف یقین دہانی کرائی کہ چند دن میں تنخواہیں جاری کر دی جائیں گی، لیکن عملی طور پر کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

 

ملازمین نے بتایا کہ گزشتہ سات ماہ سے پانچ ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث وہ شدید پریشانی میں ہیں، اور رمضان کے مہینے میں ان کی مالی مشکلات اور بڑھ گئی ہیں۔ کئی ملازمین انتہائی محدود تنخواہوں پر گزارا کرنے پر مجبور ہیں۔

 

تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ملازمین نے متعدد بار حکومت کے مشیر برائے اقلیتی بہبود محمد علی شبیر اور وزیر  اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین سے بھی رابطہ کیا۔ علاوہ ازیں، انہوں نے مجلس اتحاد المسلمین کے اراکین اسمبلی میر ذوالفقار علی اور ماجد حسین سے بھی نمائندگی کی۔ ان نمائندگیوں کے دوران MFC کے اعلیٰ حکام نے وعدہ کیا کہ تنخواہیں جلد ادا کی جائیں گی، مگر ادائیگی میں مسلسل ٹال مٹول کیا جا رہا ہے۔

 

محمد علی شبیر نے بھی شفیع اللہ سے فون پر متعدد بار رابطہ کر کے پرانی پانچ ماہ کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی پر زور دیا، لیکن ملازمین کا کہنا ہے کہ ابھی تک وعدوں پر عمل نہیں ہوا۔ ذوالفقار علی نے بھی شفیع اللہ سے براہِ راست کہا کہ تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں، مگر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

 

ملازمین نے اس موقع پر وزیر برائے اقلیتی امور محمد اظہر الدین اور حکومت کے مشیر برائے اقلیتی بہبود سے اپیل کی ہے کہ رمضان کے پیش نظر مائینارٹی فنانس کارپوریشن سے رکی ہوئی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ اپنے اہل و عیال کے ساتھ اس مقدس مہینے میں سکون کے ساتھ گزارا کر سکیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button