رمضان میں فلسطینی عوام کے لیے سعودی عرب نے نیا امدادی قافلہ غزہ بھیج دیا

کے این واصف
سعودی عرب ایک ایسا ملک ہے جو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دنیا کے تمام ممالک خصوصاً مسلم ممالک جو آفات سماوی یا دیگر مسائل کا سامنا کررہے ہیں کو فوری انسانی بنیاد پر امداد بہم پہنچاتا ہے۔
آج فلسطین ایک ملک ہے جسے سب سے زیادہ مدد کی ضرورت ہے۔ اور سعودی عرب برسہا برس سے مسلسل فلسطین کی مدد کررہا ہے۔ تازہ اطلاع کے مطابق سعودی عرب نے فلسطینی عوام کےلیے جاری انسانی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر پیر کو نیا امدادی قافلہ غزہ روانہ کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق اس قافلے میں بڑی تعداد میں فوڈ باسکٹس شامل ہیں۔سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج جو غزہ کی پٹی میں شاہ سلمان مرکز کا ایگزیکٹیو پارٹنر ہے، نے امداد وصول کی جسے متاثرہ فلسطینی خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
یہ امداد غزہ میں فلسطینی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شروع کی جانے والی مہم کا حصہ ہے تاکہ رمضان کے دوران غزہ میں فلسطینی عوام کے مصائب کو کم کیا جا سکے۔شاہ سلمان مرکز کی جانب سے اب تک 82 طیاروں اور آٹھ بحری جہازوں کے ذریعے ہزاروں ٹن امدادی سامان غزہ کےلیے بھیجا گیا ہے۔
اس میں شیلٹرز، طبی اور غذائی اشیاء کے علاوہ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو دی جانے والی 20 ایمبولینسں شامل ہیں۔



