ایجوکیشن

نرمل اربن منڈل ایجوکیشن آفیسر ناگیشور راؤ عہدہ سے برخاست اردو میڈیم اسکول کے 20 طلبہ کو ڈراپ باکس میں منتقل کرنے کا معاملہ

نرمل اربن منڈل ایجوکیشن آفیسر ناگیشور راؤ عہدہ سے برخاست

اردو میڈیم اسکول کے 20 طلبہ کو ڈراپ باکس میں منتقل کرنے کا معاملہ

 

نرمل، 26 فروری (ایم۔اے۔وحید): گورنمنٹ پرائمری اسکول اردو میڈیم پنجہ شاہ، نرمل تلنگانہ کے 20 طلبہ کو مبینہ طور پر راتوں رات ڈراپ باکس میں منتقل کر کے اسکول کو غیر فعال (بند) قرار دینے کے معاملہ میں کارروائی کرتے ہوئے ریجنل جوائنٹ ڈائریکٹر، ورنگل نے نرمل اربن منڈل ایجوکیشن آفیسر ناگیشور راؤ کو عہدہ سے ہٹا دیا ہے۔

 

واضح رہے کہ اس سلسلہ میں تلنگانہ اسٹیٹ پرائمری ٹیچرز اسوسی ایشن (ٹی ایس پی ٹی اے) اور مائناریٹی ایمپلائز ویلفیئر اسوسی (میوا) کی جانب سے ضلع مہتمم تعلیمات، ریجنل جوائنٹ ڈائریکٹر ورنگل، ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن اور پرنسپل سیکرٹری محکمہ تعلیم کو باضابطہ شکایت پیش کی گئی تھی۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ 20 معصوم اقلیتی طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو برباد کرنے کی سازش کی گئی ہے۔

 

شکایت پر ابتدائی جانچ کے بعد ریجنل جوائنٹ ڈائریکٹر ورنگل نے ناگیشور راؤ کو فوری طور پر عہدہ سے ہٹاتے ہوئے ایس۔ پدما ہیڈمسٹریس، زیڈ پی ایچ ایس منجلہ پور کو نرمل اربن منڈل ایجوکیشن آفیسر مقرر کرنے کے احکامات جاری کئے۔

 

ادھر مذکورہ تنظیموں نے اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ریاستی حقوق کمیشن میں بھی عرضی داخل کی تھی، جبکہ ریاستی انسانی حقوق کمیشن نے اردو اور انگریزی اخبارات میں شائع شدہ خبروں کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کی ہے۔

 

ٹی ایس پی ٹی اے و میوا کے صدر شیخ شبیر علی نے اپنے بیان میں کہا کہ نرمل اربن منڈل ایجوکیشن آفیسر کو صرف عہدہ سے ہٹانا کافی نہیں ہے بلکہ 20 غریب اقلیتی طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے کے ذمہ دار عہدیدار کو معطل یا خدمات سے برطرف کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیمات میں اس قسم کے مبینہ طور پر متعصب رویہ رکھنے والے عہدیداروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے اور حکومت کو سخت تادیبی کارروائی عمل میں لانی چاہئے۔ایسا نہ ہونے کی صورت میں اپنی لڑائی جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button