ریاض میں سعودی یومِ تاسیس کی تقریب، آئی جے ایف ایف کی ڈائری کا رسم اجراء

ریاض ۔ محمد سیف الدین
ریاض میں مقیم ہندوستانی کمیونٹی نے 299واں سعودی یومِ تاسیس جوش و خروش اور ثقافتی جذبے کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر 1727ھ میں سعودی ریاست کے قیام کی تاریخی یاد کو تازہ کیا گیا۔ یہ تقریب ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی عکاس رہی۔
اسی باوقار تقریب میں International Journalists Fraternity Forum (آئی جے ایف ایف) کی ڈائری 2026 کی رونمائی کی گئی، جس میں ہندوستانی برادری کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔سعودی یومِ تاسیس کی مناسبت سے کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا جس کی قیادت معروف تاجر اور الشفا میڈیکل سروسز گروپ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ادریس سلیم خان گور نے کی۔
مہمانِ خصوصی سینئیر قائد سماجوادی پارٹی بدرالدین خان برنی نے آئی جے ایف ایف سعودی چیپٹر کے صدر ڈاکٹر محمد اشرف علی، سماجی کارکن ڈاکٹر ادریس سلیم گور، آل انڈیا اسٹیئرنگ کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر انجینئر ضیغم خان، نائب صدر IJFF محمد سیف الدین، خازن اسماعیل حسن عامر کے ساتھ آئی جے ایف ایف ڈائری 2026 کا رسم اجراء انجام دیا۔
اپنے خطاب میں بدرالدین خان برنی نے معاشرے اور جمہوری اقدار کے استحکام میں صحافت کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ہندوستانی تارکینِ وطن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان اور سعودی عرب دونوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں رہنے والا ہر ہندوستانی اپنے وطن کا سفیر ہے۔
انہوں نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے لاکھون تارکینِ وطن کو وسیع مواقع فراہم کیے ہوئے ہیں۔تقریب سے دیگر خطاب کرنے والے مقررین نے بھی سعودی عرب کی جانب سے تارکینِ وطن کو محفوظ اور ترقی پسند ماحول فراہم کرنے پر اظہارِ تشکر کیا۔ ڈاکٹر ادریس سلیم خان گور نے دونوں ممالک کے قومی دنوں کو منانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ ترقی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ان کی “جنم بھومی” ہے جبکہ سعودی عرب ان کی “کرم بھومی” اس طرح ہندوستان ہمارا پہلا اور سعودی عرب دوسرا وطن ہے۔
سعودی تاجر علی سالم نے ہندوستانی کمیونٹی کے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ صلاحیت اور محنت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مملکت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔استقبالیہ خطاب میں آئی جے ایف ایف سعودی چیپٹر کے صدر ڈاکٹر محمد اشرف علی نے فورم کی گزشتہ برسوں کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ چیپٹر تعلیمی، ادبی اور معلوماتی پروگراموں کے انعقاد میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فورم آئندہ بھی ذمہ دار صحافت اور سماجی خدمات کے فروغ کے لیے کام جاری رکھے گا۔
اس موقع پر اسٹیرنگ کمیٹی کوآرڈینیٹر ضیغم خان، شاعر افتخار راغب، حسن عارفی، انڈین فورم فار ایجوکیشن کے صدر ڈاکٹر دلشاد احمد، رفیق احمد، اسٹیئرنگ کمیٹی کے ارکان انجینئر محمد مبین اور غلام خان، اور ٹی بی این نیوز کے چیئرمین ایم اے متین نے بھی اس موقع پر اظہارِ خیال کیا۔مہمانوں کو روایتی شالیں اور گل دستے پیش کیے گئے جبکہ ایگزیکٹو ممبر آئی جے ایف ایف فاروق رضا نے خصوصی طور پر پھولوں کے ہاروں کا انتظام کیا۔
پروگرام کی نظامت نعیم عبدالقیوم اور آئی جے ایف ایف سعودی چیپٹر کے نائب صدر محمد سیف الدین نے کی۔ آخر میں خازن اسماعیل حسن عامر نے کلماتِ تشکر ادا کیے۔ تقریب کا آغاز محمد نمیر الدین کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔تقریب کا اختتام سحری کے ساتھ اتحاد، شکرگزاری اور ہندوستان و سعودی عرب کے تعلقات اور صحافتی اقدار کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔




