تلنگانہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین کا گہرے رنج و غم کا اظہار

اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت

امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین کا گہرے رنج و غم کا اظہار

ایرانی قیادت کو نشانہ بنانا عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ — امریکہ و اسرائیل کی جارحیت پر سخت ردِعمل

 

امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملتِ اسلامیہ اور عالمی سطح پر ایک نہایت افسوسناک سانحہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی خود مختار ملک کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور ریاستی خود مختاری کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔اپنے صحافتی بیان میں انہوں نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کئی دہائیوں تک ایران کی سیاسی و مذہبی قیادت کرتے رہے، وہ مسلم دنیا میں ایک با اثر اور نمایاں مقام رکھتے تھے

 

۔ ان کی قیادت نے ایران کی داخلی و خارجی پالیسیوں پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ وہ استقامت اور خود مختاری کی علامت سمجھے جاتے تھے۔ ان کی شہادت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطہ پہلے ہی کشیدگی اور عدم استحکام کا شکار ہے، جس سے حالات مزید پیچیدہ ہونے کا اندیشہ ہے۔جناب محمد اظہرالدین نے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور یہ بین الاقوامی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ امیر حلقہ نے کہاکہ دنیا کی بڑی طاقتیں اور عالمی ادارے اس سنگین صورتحال پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جو انتہائی افسوسناک اور تشویشناک امر ہے۔

 

ایسے نازک وقت میں عالمی برادری کی یہ خاموشی نہ صرف سوالات کو جنم دیتی ہے بلکہ ظلم و جارحیت کو بالواسطہ تقویت دینے کے مترادف ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہندوستان کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے اس اقدام پر فوری اور واضح موقف اختیار کرے اور امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرے۔ مزید برآں پوری دنیا کو متحد ہوکر امریکہ اور اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں اور بربریت کو روکنے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں، تاکہ عالمی امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر حالات کا سنجیدگی سے جائزہ لے، خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور انصاف و جواب دہی کو یقینی بنائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر مسلم ممالک کو باہمی اختلافات اور تنازعات کو ہوا دینے کے بجائے دانشمندی اور تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

 

موجودہ عالمی حالات میں امتِ مسلمہ کو سب سے زیادہ جس چیز کی ضرورت ہے وہ اتحاد، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کا تحفظ ہے۔امیر حلقہ نے مرحوم خامنہ ای کے لواحقین اور بالخصوص ایرانی عوام سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی شہادت کو قبول فرمائے اور ان کی مغفرت کا سامان کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button