محمود گوڑہ سکندرآباد میں دعوت افطار ۔ صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا کی شرکت، عوام نے کیا پرتپاک استقبال
محمود گوڑہ سکندرآباد میں دعوت افطار ۔ صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا کی شرکت، عوام نے کیا پرتپاک استقبال
اقلیتی نوجوانوں کی تلنگانہ جاگروتی میں شمولیت، عوامی خدمت نئے عزم کے ساتھ جاری رکھنے کا عہد
صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے محمود گوڑہ، سکندرآباد میں منعقدہ دعوت افطار میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر مقامی عوام اور معززین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور گلدستے پیش کرتے ہوئے خیرمقدم کیا۔افطار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ آج اس بابرکت افطار کی محفل میں آپ سب کے درمیان موجود ہونا میرے لئے باعث خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک محبت، بھائی چارے اور انسانیت کا درس دیتا ہے اور وہ دعا گو ہیں کہ یہ مبارک ساعتیں ہم سب کے لئے خیر و برکت، امن اور خوشحالی کا سبب بنیں۔ معاشرہ محبت و انسانیت کے راستے پر آگے بڑھتا رہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ریاست میں عوامی خدمت کے ایک نئے عزم اور نئی توانائی کے ساتھ میدان عمل میں مزیدسرگرمی کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں تاکہ ہر طبقے، خصوصاً اقلیتوں، نوجوانوں اور محروم طبقات کے مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا جاسکے اور ترقی کے ثمرات ہر گھر تک پہنچ سکیں۔
کلواکنٹلہ کویتا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس بابرکت موقع پر تلنگانہ جاگروتی میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے شمولیت اختیار کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دعوت افطار گنگا جمنی تہذیب کی عکاسی کرتی ہیں۔ جس میں تمام مذاہب کے افراد شرکت کرتے ہیں۔ ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے اور باہمی اخوت اور بھائی چارہ فروغ پاتا ہے۔ کویتا نے کہا کہ وہ ریاست میں نئی توانائی اور مضبوط عزم کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے عوامی خدمت کے مشن کو مزید وسعت دیں گی اور ہر طبقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی خدمات مسلسل جاری رکھیں گی۔




