ریاض میں امریکی سفارت خانے پر مبینہ حملہ: مسلم ورلڈ لیگ کی ایران کے خلاف سخت مذمت

مکہ مکرمہ _ مسلم ورلڈ لیگ نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع امریکی سفارت خانے کو نشانہ بنانے کی مبینہ ایرانی کارروائی کی سخت مذمت کی ہے اور اسے خطے کے ممالک کے خلاف جاری مجرمانہ حملوں کا تسلسل قرار دیا ہے
۔ایک بیان میں مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل اور تنظیم علمائے مسلمین کے چیئرمین شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے اس اقدام کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام مذہبی اقدار، بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے
، خصوصاً ایسے وقت میں جب سعودی عرب نے جنگ کے حوالے سے واضح اور مضبوط موقف اختیار کیا ہے اور ایرانی عوام سمیت خطے کے دیگر ممالک کو اس کے خطرات سے بچانے کے لیے مخلصانہ کوششیں کی ہیں۔
انہوں نے مسلم ورلڈ لیگ کے تمام اداروں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مملکت، اس کی قیادت اور عوام کو ہر قسم کے نقصان اور آزمائش سے محفوظ رکھے۔



