موجودور میں طلبہ کیلئے کتابیں علم کے سا تھ عملی تجربہ بھی ناگزیر : ایس اے ھدیٰ،طارق انصاری

موجودور میں طلبہ کیلئے کتابیں علم کے سا تھ عملی تجربہ بھی ناگزیر : ایس اے ھدیٰ،طارق انصاری
حیدرآباد(راست)طلبہ سائنسی تعلیم کو صرف امتحانات تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے عملی زندگی کے مسائل کے حل کے لیے استعمال کریں۔موجودہ دور سائنس وٹیکنالوجی کا دور ہے۔ اس کے لئے ابتداء ہی سے بچوں کو سائنس وٹیکنالوجی سے جوڑناچاہئے۔ ان خیالات کااظہارجئے شنکر کمیونٹی ہال، این آر آر پورم کالونی میں اسٹار گلوبل اسکول کے زیرِ اہتمام سائنسی نمائش ”گیان اتسو“ کے موقع پر مقررین نے کیا۔ سائسی نمائش کا افتتاح ایس اے ھدیٰ((آئی پی ایس، ریٹائرڈ)کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
مہمان خصوصی طارق انصاری (تلنگانہ اسٹیٹ مائناریٹیز کمیشن کے چیئرمین) نے کہاکہ اسکول کی جانب سے ابتدائی کلاسیس کے طلبہ کوسائنس سے جوڑنے کیلئے اس نمائش کااہتمام عمل میں لایاگیا ہے جو قابل تعریف ہے۔ اس طرح کی سرگرمیاں بچوں کے اندر چھپی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے وا لدین کونصیحت کی کہ وہ بچوں کی تعلیم پرمکمل توجہ دیں اور طلبہ کو تعلیم کے حصول کیلئے تمام سہولتیں فراہم کریں۔
و سیم النسا (فاؤنڈر و کرسپانڈنٹ اسٹار گلوبل اسکول) نے تمام مہمانوں کااستقبال کیا۔ انہوں نے ا س موقع پر کہاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی سائنس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے مقصد سے اسٹار گلوبل اسکول کی جانب سے سائنس نمائش انعقاد عمل میں لایاگیا ہے تاکہ طلبہ میں سائنسی شعور پیدا ہو اور وہ مستقبل میں ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کریں
۔سائنسی نمائش میں طلبہ نے اپنی ذہانت، تخلیقی صلاحیتوں اور سائنسی فہم کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے جدید اور منفرد ماڈلس پیش کیے۔ نمائش میں جماعت ششم تا دہم کے طلبہ نے حصہ لیا اور مختلف سائنسی موضوعات پر مبنی پراجیکٹس پیش کیے۔ ان میں قابلِ تجدید توانائی، شمسی توانائی، ماحولیاتی تحفظ، واٹر مینجمنٹ، روبوٹکس، الیکٹرانکس، اسمارٹ سسٹمز، صحت و حفظانِ صحت اور جدید ٹیکنالوجی جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔ ہر ماڈل کے ساتھ طلبہ نے نہ صرف اس کی تیاری کا طریقہ بتایا بلکہ اس کے سماجی فوائد اور عملی استعمال پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔
شرکاء نے مختلف اسٹالس کا دورہ کیا اور طلبہ سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کے خیالات، تجربات اور سائنسی سوچ کو سراہا۔ مہمانان نے طلبہ کے اعتماد، معلومات اور پیشکش کے انداز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ میں تحقیق، تجسس اور اختراع (Innovation) کی صلاحیت کو پروان چڑھاتی ہیں۔ڈاکٹر چترا ایراوتھم (سائنسداں، اسسٹنٹ گورنر روٹری حیدرآباد)،،ڈاکٹر اوما مہیشور (ضلع صدر، ٹی آر ایس ایم اے)،ڈاکٹر قیصر جمیل (سائنسداں و سربراہ شعبہ جینیٹکس، بھگوان مہاویر میڈیکل ریسرچ)اورڈاکٹر اے وینکٹیشوری (سربراہ شعبہ سائٹو جینیٹکس، عثمانیہ یونیورسٹی) نے مہمانان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر اسکول کے اساتذہ، طلبہ اوران کے سرپرست او رعو ام الناس کی کثیر تعدادموجودتھی۔




