معروف سیاسی لیڈر سراج قادری علیل، مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل

معروف سیاسی لیڈر سراج قادری علیل، مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل
علاج کے بعد عادل آباد منتقل، گھر پر آرام؛ رشتہ داروں اور قائدین کی مزاج پرسی جاری
عادل آباد۔ 6/ مارچ (اردو لیکس)عادل آباد کے معروف سیاسی اور اقلیتی لیڈر جناب سراج قادری ان دنوں ناسازیٔ طبیعت کے باعث علیل ہیں اور بستر پر آرام کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ مختلف جسمانی عوارض، بالخصوص پھیپھڑوں کے کینسر کے سبب کافی کمزور ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چند ماہ تک حیدرآباد میں علاج کرانے کے بعد انہیں عادل آباد منتقل کردیا گیا ہے، جہاں وہ اپنے بڑے فرزند فہیم قادری کے گھر پر آرام کررہے ہیں۔ جسمانی کمزوری کے باوجود سراج قادری روحانی طور پر مضبوط ہیں اور نیک و فلاحی کاموں میں ان کی دلچسپی برقرار ہے۔
اہل خانہ اور فرزندان نے ان کی جلد صحت یابی کے لئے دوست و احباب اور عوام سے خصوصی دعا کی اپیل کی ہے۔ اس دوران صحافی خضر احمد یافعی جب ان کی مزاج پرسی کے لئے ان کی رہائش گاہ پہنچے تو سراج قادری نے اشاروں کے ذریعہ بھی دعا کی درخواست کی۔
سراج قادری کی ناسازیٔ طبیعت اور عادل آباد منتقلی کی اطلاع ملنے کے بعد رشتہ داروں، دوست و احباب، مسلم و غیر مسلم سیاسی و سماجی قائدین اور چاہنے والوں کی بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ پہنچ کر مزاج پرسی کررہی ہے۔ سابق وائس چیئرمین ظہیر رمضانی نے بھی اطلاع ملتے ہی ان سے ملاقات کی اور ان کی ہمت افزائی کرتے ہوئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔




