ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی سابقہ طالبہ ڈاکٹر سری ولی گنڈیکوٹا کو بین الاقوامی اعزاز

حیدرآباد: ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی سابقہ طالبہ ڈاکٹر سری ولی گنڈیکوٹا نے اپنی شاندار تعلیمی کارکردگی کے ذریعے نہ صرف ادارے بلکہ شہر کا نام بھی روشن کیا ہے۔ انہوں نے اپنی انٹرمیڈیٹ کی تعلیم ایم ایس جونئر کالج سے نمایاں کامیابی کے ساتھ مکمل کی۔ بعد ازاں انہیں ریاست کے ممتاز تعلیمی ادارے عثمانیہ ڈینٹل کالج، افضل گنج میں داخلہ حاصل ہوا جہاں انہوں نے اپنی قابلیت اور محنت کے بل پر نمایاں مقام حاصل کیا۔
ڈاکٹر سری ولی نے عثمانیہ ڈینٹل کالج سے بیچلر آف ڈینٹل سرجری (BDS) کی ڈگری کامیابی کے ساتھ مکمل کی۔ دورانِ تعلیم ان کی غیر معمولی کارکردگی کے اعتراف میں انہیں متعدد گولڈ میڈلز سے بھی نوازا گیا۔ حال ہی میں ان کی علمی قابلیت کو ایک اور بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا جب انہیں نئی دہلی میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا۔ اس موقع پر انہیں انٹرنیشنل کالج آف ڈینٹسٹری کی جانب سے ’’اسٹوڈنٹ میرٹ ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز گرو گوبند سنگھ اندرا پرستھ یونیورسٹی، نئی دہلی میں منعقدہ تقریب میں پیش کیا گیا۔
اپنی سابقہ طالبہ کی اس قابلِ فخر کامیابی پر ایم ایس جونئر کالج میں ڈاکٹر سری ولی گنڈیکوٹا کے اعزاز میں ایک تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر کالج کے اساتذہ اور انتظامیہ نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی محنت، لگن اور علمی کامیابیوں کو سراہا۔ اساتذہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سری ولی کی کامیابی ادارے کے طلبہ کے لیے ایک روشن مثال ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت، مستقل مزاجی اور درست رہنمائی کے ذریعے بلند مقامات حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
تقریب کے دوران ڈاکٹر سری ولی گنڈیکوٹا نے اپنی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے اساتذہ اور انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے اساتذہ کی مسلسل حوصلہ افزائی، رہنمائی اور بہترین تربیت نے ان کی شخصیت کو نکھارنے اور ان کے مستقبل کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ڈائریکٹر جناب محمد لطیف خان کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا اور بتایا کہ ان کی میموری ٹریننگ کلاسز نے معلومات کو مؤثر انداز میں یاد رکھنے میں بہت مدد فراہم کی۔
تقریب میں انٹرمیڈیٹ کی طالبات کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر سری ولی نے انہیں اپنے تعلیمی سفر اور کامیابی کے تجربات سے آگاہ کیا اور طالبات کو محنت، مستقل مزاجی اور وقت کے مؤثر استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر طالبات واضح مقصد اور عزم کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور اساتذہ کی رہنمائی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تو وہ بھی زندگی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتی ہیں۔



