سابق ناظم ضلع جماعت اسلامی نظام آباد محمد یوسف صاحب کا سانحہ ارتحال
سابق ناظم ضلع جماعت اسلامی نظام آباد محمد یوسف صاحب کا سانحہ ارتحال
نماز جنازہ آج 7/ مارچ بروز ہفتہ رات 11 بجے مسجد رضا بیگ میں ادا کی جائے گی
نظام آباد: 7/ مارچ (اردو لیکس) نظام آباد شہر کی ایک معروف دینی و سماجی شخصیت، سابق ناظم ضلع جماعتِ اسلامی نظام آباد جناب محمد یوسف صاحب (المعروف YSK) کا آج مختصر سی علالت کے بعد بعمر 83 سال سانحہ ارتحال ہوگیا
۔محمد یوسف صاحب کے سانحہ ارتحال کی خبر کی اطلاع پر شہر اور ضلع کے دینی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم طویل عرصہ تک جماعتِ اسلامی سے وابستہ رہے اور جماعت کے قیام کے ابتدائی دنوں ہی سے اس کے نصب العین اقامتِ دین کی جدوجہد میں سرگرم کردار ادا کرتے رہے۔مرحوم نے نظام آباد ضلع میں جماعت اسلامی کے پیغام کو عام کرنے اور اسلامی فکر کو فروغ دینے کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں۔
یہانہوں نے شہر کے ساتھ ساتھ ضلع کے مختلف منڈلوں میں جماعت اسلامی کی شاخیں قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور تنظیم کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں۔محمد یوسف صاحب ایک باوقار مدرس اور مؤثر مقرر بھی تھے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں غیر معمولی خطیبانہ صلاحیتوں سے نوازا تھا۔ وہ اپنی پراثر تقاریر کے ذریعے جماعت اسلامی کے کارکنان اور وابستگان میں نیا جذبہ اور ولولہ پیدا کرتے تھے۔
دعوتِ دین اور اصلاحِ معاشرہ کیلئے انہوں نے بے شمار افراد کی تربیت کی اور اسلام کے تعارف و اشاعت میں نمایاں خدمات انجام دیں۔مرحوم نہایت نرم دل، خوش اخلاق، صوم و صلوٰۃ کے پابند اور خلوص و اخلاص کے پیکر تھے۔ ان کی پوری زندگی دین کی خدمت، معاشرے کی اصلاح اور انسانیت کی بھلائی کیلئے وقف رہی۔ ان کے انتقال سے دینی و سماجی حلقوں کو ایک بڑا نقصان پہنچا ہے
۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کی دینی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ سات فرزندان اور تین دختران شامل ہیں۔مرحوم کی نمازِ جنازہ آج رات 11 بجے مسجد رضا بیگ احمدی بازار، نظام آباد میں ادا کی جائے گی، جس میں شہر اور اطراف کے افراد کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔



