کھمم میں نوجوانوں کی جانب سے دعوت افطار — سابق وزیر پی اجئے کمار کی شرکت

کھمم میں نوجوانوں کی جانب سے دعوت افطار — قومی یکجہتی اور گنگا جمنی تہذیب کا مظاہرہ
کھمم شہر کے محلہ نظام میں نوجوانوں نے دعوت افطار کا اہتمام کیا، جس میں شہریوں نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی۔ مہمانانِ خصوصی کے طور پر سابق رکن اسمبلی کھمم اور سابق ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجے کمار، حافظ محمد جواد احمد، امام و خطیب مسجد زین العابدین، مرکز کھمم، بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ خصوصی نے کہا کہ افطار پارٹیاں نہ صرف رمضان کے مقدس مہینے کے روحانی پہلو کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب اور قومی یکجہتی کو بھی مضبوط کرتی ہیں۔ رمضان المبارک میں روزہ اور دیگر عبادات خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی جاتی ہیں اور یہ مہینہ صبر، رواداری اور انسانیت کے لیے اخلاقی مثال قائم کرتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمارے ملک کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ تہواروں کو باہمی محبت اور عقیدت کے ساتھ منایا جاتا ہے، جس کے ذریعے ہندو مسلم اتحاد کی اعلیٰ مثال سامنے آتی ہے۔
اس موقع پر بی آر ایس کارپوریٹر مقبول، کھمم ضلع بی آر ایس پارٹی اقلیتی صدر تاج الدین اور دیگر شہری بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریب میں نوجوانوں اور عوام کی شمولیت نے محبت، رواداری اور قومی یکجہتی کا بھرپور پیغام دیا۔




