این آر آئی

شاعر خلیج جلیل نظامی کا مجموعہ کلام “آخری حل” کی رسم اجراء و شعری نشست

ریاض ( رپورٹ منصور قاسمی)

ہندوستان سے تشریف لائے معروف شاعر جلیل نظامی کے اعزاز میں “عالمی اردو محور ریاض” نے ایک پروقار شعری نشست کا اہتمام کیا جس میں شاعر خلیج جلیل نظامی کے مجموعہ حمد و نعت “آخری حل” کی رسم اجراء بھی عمل میں آئی۔

 

خیام ریسٹورنٹ، حی الوزارۃ، ریاض میں منعقد اس شعری نشست کی صدارت ممتاز ماہر تعلیم ڈاکٹر ایس ایم شوکت پرویز نے کی۔ مسند اعزاز پر مہمان اعزازی جلیل نظامی براجمان تھے جب کہ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے الشفاء میڈیکل سروسز کے روح رواں اور فعال سماجی جہدکار ڈاکٹر ادریس سلیم خان اور ڈاکٹر محمد اشرف شریک ہوئے- نظامت کے فرائض مقبول ناظم مشاعرہ حسان عارفی نے انجام دیے- محفل کا آغاز عمیر احمد کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا، جس کے بعد مہمانان کرام کی خدمت میں گلدستے پیش کیے گئے – صاحب اعزاز جلیل نظامی کی شال پوشی کے بعد ایک یادگاری مومنٹو بھی عالمی اردو محور، ریاض کی جانب سے ان کی شعر و ادب میں دیرینہ خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔

 

عالمی اردو محور کے صدر افتخار راغب نے کلمات استقبالیہ پیش کرتے ہوئے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور صاحب اعزاز کا تفصیلی تعارف کراتے ہوئے ان کے کئی منتخب اشعار بھی پیش کئے۔ اس موقع پر محفل کو مخاطب کرتے ہوئے مہمان اعزازی جلیل نظامی صاحب نے کہا اس اعزاز کے لئے عالمی اردو محور کا شکریہ ادا کیا اور کہا اردو کے تئیں افتخار راغب کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ راغب جہاں بھی رہتے ہیں اپنے حصے کی روشنی بکھیرتے رہتے ہیں- مہمان خصوصی ڈاکٹر اشرف نے کہا جلیل نظامی صاحب اور دیگر شعراء کو سن کر لگا ہم عالمی مشاعرے میں موجود ہیں – جلیل صاحب نے نعت سے محفل کی شروعات کر کے محفل کو روحانی بنا دیا

 

ڈاکٹر ادریس نے کہا کہ اس محفل میں شرکت سے انھین قلبی و روحانی سکون کا احساس ہوا۔ جلیل نظامی صاحب صرف شاعر خلیج نہیں بلکہ وہ عالمی شاعر ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ریاض میں اب تک بہت سے مشاعرے ہوئے تاہم عالمی اردو محور نے مشاعرے کے معیار کو جس بلندی تک پہنچایا ہے وہ قابل تحسین ہے- صدرِ محفل ڈاکٹر شوکت پرویز نے سورہ رحمن کے حوالے سے کہا اللہ نے انسان میں اپنی کچھ خصلتیں عطا کی ہیں ان میں سے ایک شاعری ہے جس میں ردھم پایا جاتا ہے- انھون نے کہا کہ ریاض وہ شہر ہے جہاں بڑے بڑے شعراء آئے اور اس سلسلے کو افتخار راغب صاحب نے برقرار رکھا ہے اور بڑی خوبصورتی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ میں اس کے لیے عالمی اردو محور کو مبارکباد پیش کرتا ہوں.

 

اظہارِ تشکر کے فرائض منصور قاسمی نے ادا کیے اور تمام مہمانانِ گرامی، شعرا و سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ جھارکھنڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر شاہزین ارم اور ڈاکٹر تنویر احمد نے بھی اس شعری نشست کے متعلق اظہارِ خیال کیا اور اس پر وقار نشست کے لیے ذمہ دارانِ عالمی اردو محور کو مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ ادبی تنظیم "عالمی اردو محور "5/ مارچ کو بڑے پیمانے پر ایک حمدیہ و نعتیہ مشاعرہ کرنے والی تھی تاہم ناگزیر حالات کی بنا پر ملتوی کرنا پڑا۔ حالات کے نارمل ہونے پر بڑے پیمانے پر ایک محفل مشاعرہ کا اہتمام کیاجائے گا۔

 

اس شعری نشست میں جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ان میں جلیل نظامی، افتخار راغب، شجاع شاد، حسان عارفی، ضیاء عرشی علیگ، سراج عالم زخمی، منصور قاسمی، اوّل سنگرامپوری اور عبدالرحمٰن راشد شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button