ایم پی جے تلنگانہ کی کوششوں سے چنچل گوڑہ جیل کے دو قیدیوں کی رہائی

حیدرآباد۔ ایم پی جے تلنگانہ کے مطابق چنچل گوڑہ جیل سے ایم پی جے کے تعاون سے دو قیدیوں کی رہائی عمل میں آئی جن کی ضمانت کی رقومات ایم پی جے تلنگانہ نے ادا کی ہے۔
ریاست کے دیگر مقامات اور ضلعی جیلوں سے بھی مستحق قیدیوں کو رہا کروانے کی کوششیں جاری ہیں جن پر یا تو غلط مقدمات درج ہیں یا جو کسی مجبوری کی بناء پر معمولی جرائم میں ملوث ہوگئے تھے۔ایم پی جے کی جانب سے ایسے افراد کی کونسلنگ اور بازآبادکاری کا پروگرام بھی بنایا گیا ہے تاکہ مستقبل میں وہ جرائم سے باز رہیں۔
واضح رہے کہ قیدیوں کی رہائی ایم پی جے کی بے شمار سماجی خدمات میں سے ایک چھوٹا سا حصّہ ہے۔مفت قانونی رہنمائی کے علاوہ ایم پی جے کی جانب سے عائلی و گھریلو تنازعات کے حل کے لئے فیملی کونسلنگ سینٹرز چلائے جاتے ہیں اور مختلف سماجی امور و مسائل پر مقامی سطح پر جدوجہد کی جاتی ہے۔
ایس آئی آر پر ایم پی جے کی جانب سے ساری ریاست میں ہیلپ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں اور ریاست کے ہر اہم چھوٹے و بڑے مقامات پر شعور بیداری اور آگہی کے پروگرام منعقد کرچکی ہےبعد رمضان اس میں مزید تیزی لائی جائیگی۔



