امریکہ و اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت کی مذمت فوری جنگ بندی کے لئے مداخلت کرنے اقوام متحدہ سے ایوب حسینی کا مطالبہ
حیدرآباد۔9مارچ (پریس نوٹ) صدر تعمیر ملت جناب ایوب حسینی نے ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کے لئے موثر اقدامات کرتے ہوئے خطے کو تباہ کن جنگ سے بچائے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام کے سلسلہ میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں نمایاں پیش رفت اور ایران امریکہ کی تقریباً تمام شرائط تسلیم کرنے کے باوجود امریکہ کی جانب سے اچانک مذاکرات سے انحراف اور اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مذاکرات محض ایک حربہ تھا جو سنجیدہ سفارتی عمل نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی خود مختار ملک کی مرکزی قیادت کوجنگ کے ذریعہ نشانہ بناتے ہوئے قیادت کی تبدیلی کی بات کرنا بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی کے مترادف ہے ہے اور کہا کہ اس جنگ نے پورے مشرقِ وسطیٰ کو عدم استحکام کی صورتحال سے دوچار ہوگا اور اس طرح طویل جنگ سے عالمی معیشت بھی متاثر ہوگی جس کا سب سے زیادہ بوجھ کمزور ممالک کو برداشت کرنا پڑے گا ۔
انہوں کہاکہ کل ہند مجلس تعمیر ملت کا احساس ہے کہ ایسے نازک مرحلہ میں ہمارے ملک ہندوستان کو چاہئے کہ وہ ایک باوقار ثالثی کردار ادا کرتے ہوئے ملک کی خارجہ پالیسی کی ساکھ کو متاثر ہونے سے بچائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس نازک مرحلہ پر ملت اسلامیہ کا اتحاد بھی وقت کی اہم ضرورت ہئے اور ہم کو چاہئے کہ بلا لحاظ مسلک و فرقہ و طبقہ متحدہ ہوکر صہیونی سامراجیت کے خلاف ایک ہوں جو وقت کا تقاضا ہے ۔



