جنرل نیوز

نظام آباد پریس کلب کمیٹی کی حلف برداری تقریب   محمد علی شبیر، مہیش کمارگوڑ، ڈاکٹر بھوپت ریڈی اور دھن پال سوریہ نارائنا کا خطاب 

نظام آباد: 9/ مارچ (اردو لیکس)بسوا گارڈن نظام آباد میں آج نظام آباد پریس کلب کے نو منتخبہ کمیٹی کی حلف برداری تقریب کا انعقاد عمل میں آیاجس میں بحیثیت مہمان خصوصی مشیر حکومت تلنگانہ محمد علی شبیر، صدر پی سی سی و رکن کونسل مہیش کمار گوڑ،نظام آباد اربن ایم ایل اے دھن پال سوریہ نارائنا، نظام آباد رورل ایم ایل اے ڈاکٹر بھوپت ریڈی نے شرکت کی

 

۔ اس موقع پر حکومت تلنگانہ کے مشیر محمد علی شبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی جانب سے مکانات کے تعمیر کیلئے اراضی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں حکومت سنجیدگی سے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی اس مسئلہ پر تمام متعلقہ افراد کے ساتھ نشست منعقد کر کے غور و خوض کیا جائے گا اور اس معاملہ کو وزیر اعلیٰ کی توجہ میں پیش کیا جائے گا تاکہ مناسب فیصلہ لیا جا سکے۔

 

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافت میں اعلیٰ اقدار اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو فروغ ملنا چاہیے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و رکن قانون ساز کونسل مسٹر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ جمہوری نظام میں صحافیوں کا کردار نہایت اہم اور قابلِ قدر ہے۔ مسٹر مہیش کمارگوڑ نے کہا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ صحافیوں کے بغیر سیاسی قائدین کا وجود ممکن نہیں، کیونکہ صحافت ہی عوام اور حکمرانوں کے درمیان پل کا کام انجام دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں صحافت نے نمایاں ترقی کی ہے اور اسے بجا طور پر جمہوریت کا چوتھا ستون قرار دیا جاتا ہے۔

 

حکومت کو راہِ راست پر رکھنے اور سیاسی قائدین کو جوابدہ بنانے میں صحافیوں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی سفر میں بھی صحافیوں کا تعاون بے حد اہم ہوتا ہے اور ترقی کے لیے اخباری دنیا کا تعاون ناگزیر ہے۔ رکن اسمبلی نظام آباد اربن مسٹر دھنپال سوریہ نارائنا نے کہا کہ صحافی عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں سرکاری اسکیمات کے فوائد عوام تک نہیں پہنچ رہے ہوں،

 

وہاں ان مسائل کو اجاگر کر کے ان کے حل کی راہ ہموار کرنا ضروری ہے۔رورل رکن اسمبلی ڈاکٹر بھوپت ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کی علمبردار رہی ہے اور صحت، فلاحی اسکیمات اور مکانات کے پلاٹس جیسے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے

 

۔ اس پروگرام میں میئر اومارانی، ضلع کانگریس کمیٹی صدر ناگیش ریڈی، کانگریس قائدین، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کی ایک کثیر تعداد موجو د تھی۔قبل ازیں نظام آباد پریس کلب کمیٹی کے نو منتخبہ صدر سری کانت، سکریٹری سبھاش وگھمارے کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے حلف لیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button