ایجوکیشن

بنگارپیٹ کے توسیف خان یو پی ایس سی میں 741واں رینک حاصل کرنے پر افسران کی مبارکباد

بنگارپیٹ (شبیر احمد) : ضلع کولار کے بنگارپیٹ شہر کے ویویک نگر کے رہائشی ثناء اللہ کے صاحبزادے توسیف خان نے یو پی ایس سی سول سروسز امتحان میں 741 واں رینک حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس شاندار کامیابی پر محکمہ اقلیتی بہبود کے افسران نے ان کے گھر پہنچ کر انہیں مبارکباد پیش کی۔

 

توسیف خان نے سال 2024 میں کرناٹک حکومت کے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے بنگلورو کے حج بھون میں قائم آئی اے ایس کوچنگ سنٹر میں تربیت حاصل کی تھی۔ یہ تربیتی مرکز اقلیتی طبقہ کے باصلاحیت طلبہ کو مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لئے رہنمائی فراہم کرنے کے مقصد سے قائم کیا گیا ہے۔

 

توسیف خان نے اس تربیت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سخت محنت اور مضبوط عزم کے ساتھ یو پی ایس سی امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ یو پی ایس سی سول سروسز امتحان میں 741 واں رینک حاصل کر کے انہوں نے اپنے خاندان، اپنے شہر اور ضلع کے لئے فخر کا باعث بنے ہیں۔ مقامی افراد نے کہا کہ ان کی کامیابی نوجوانوں کے لئے ایک بہترین مثال اور حوصلہ افزائی ہے۔

 

اسی سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کے ضلع افسر میلاراپّا اور ایکسٹینشن افسر مہادیو نے بنگارپیٹ کے ویویک نگر میں واقع توسیف خان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے توسیف خان اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 

افسران نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے حج بھون میں فراہم کی جانے والی آئی اے ایس کوچنگ اقلیتی طلبہ کے لئے ایک بہترین موقع ہے۔ اگر طلبہ اس طرح کے تربیتی پروگراموں سے فائدہ اٹھائیں تو وہ مستقبل میں مزید بڑی کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔مقامی معززین کا کہنا ہے کہ توسیف خان کی کامیابی بنگارپیٹ کے طلبہ کے لئے باعثِ تحریک ہے اور اس سے نوجوانوں میں مسابقتی امتحانات کی طرف دلچسپی بڑھے گی۔

 

اس موقع پر توسیف خان کے خاندان کے افراد، رشتہ دار اور مقامی لوگ موجود تھے اور سب نے ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ توسیف خان جیسے باصلاحیت نوجوان سماج کے لئے ایک مثالی کردار ادا کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button