کھمم میں غیر معینہ بھوک ہڑتال کے دوران کلواکنٹلہ کویتا گرفتار

کھمم: صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا کو پولیس نے منگل کی صبح گرفتار کرلیا۔ کویتا کھمم کے امبیڈکر بھون میں ویلوگمٹلا انہدامی کارروائی کے متاثرین کی حمایت میں غیر معینہ بھوک ہڑتال کر رہی تھیں۔
پیر کی رات کویتا نے ڈی ایس پی کے صدر وی مہاراج کے ساتھ مل کر متاثرین کے حق میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ منگل کی صبح پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کویتا، وشاردھن مہاراج اور دیگر احتجاج کرنے والوں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے کویتا اور ان کے ساتھ بھوک ہڑتال کرنے والے افراد کو تحویل میں لینے کے بعد انہیں حیدرآباد روڈ کی طرف منتقل کردیا۔
*گرفتاری کے باوجود بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا کویتا کا اعلان*
*ویلوگمٹلا متاثرین کو انصاف ملنے تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم*
*جہاں مکانات منہدم کئے گئے وہیں متاثرین کو پلاٹس اور اندرامّا مکانات فراہم کئے جائیں: کویتا کا مطالبہ*
کھمم: صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے واضح کیا ہے کہ گرفتاری کے باوجود ان کی جدوجہد رکنے والی نہیں اور ویلوگمٹلا کے متاثرین کو انصاف دلانے تک بھوک ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔
کویتا نے کہا کہ ویلوگمٹلا کے بے گھر خاندانوں کی تکلیف کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور جب تک متاثرین کو انصاف نہیں ملتا تب تک ان کی آواز بلند کی جاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر آگے آ کر مسئلہ کا حل نکالنا چاہئے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن مقامات پر متاثرین کے مکانات منہدم کئے گئے ہیں وہیں انہیں مکانی پلاٹس اور اندرامّا مکانات فراہم کئے جائیں تاکہ بے گھر خاندانوں کو دوبارہ باعزت زندگی گزارنے کا موقع مل سکے۔ کویتا نے کہا کہ یہ صرف مکانات کا مسئلہ نہیں بلکہ غریب عوام کے وقار اور انصاف کی جدوجہد ہے، جسے ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔




