یونائیٹڈ ٹیم سرسلہ کے کیلنڈر کی ضلع کلکٹر گریما اگروال کے ہاتھوں رسمِ اجراء۔ مسلم ملازمین کیلئے نماز کی جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ

سرسلہ: 10 مارچ (ایس این بی) یونائیٹڈ تلنگانہ ایمپلائیز ایسوسی ایشن فار مائنارٹیز (United T.E.A.M) کے زیر اہتمام سرسلہ ضلع کیلنڈر کا باضابطہ اجراء ضلع راجنہ سرسلہ کی ضلع کلکٹر و مجسٹریٹ محترمہ گریما اگروال، آئی اے ایس کے ہاتھوں انجام پایا۔
اس موقع پر اقلیتی ملازمین نے ضلع کلکٹر سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے روزگار سے متعلق مختلف مسائل پیش کیے۔ خصوصاً سرکاری دفاتر میں مسلم ملازمین کے لیے نماز کی ادائیگی کے واسطے علیحدہ کمرہ یا مناسب جگہ فراہم کرنے کی درخواست کی گئی۔ ضلع کلکٹر نے اس مطالبہ پر مثبت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملہ کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
تقریب میں یونائیٹڈ تلنگانہ ایمپلائیز ایسوسی ایشن فار مائنارٹیز کے ریاستی صدر محمد شیخ نثار احمد نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے اقلیتی ملازمین کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کے تحفظ اور باہمی اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر ضلع صدر احمد عبدالرؤف، ضلع جنرل سکریٹری محمد شفیع الدین، اسوسی ایٹ صدر سید کریم صاحب، خازن مرزا سمیع اللہ بیگ، نائب صدور شریف محی الدین، نذیر احمد، ایوب خان، جوائنٹ سکریٹریز محمد اعظم،
مرزا فساحت علی بیگ، آرگنائزنگ سکریٹری ولی محمد، آرگنائزنگ سکریٹری (خواتین) عائشہ طلعت، پریس و پبلسٹی سکریٹری احمد پاشا، آئی ٹی سکریٹری محمد ذاکر، اسپورٹس و کلچرل سکریٹری محمد فیاض الدین اور ای سی ممبر سید سرور سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔
تقریب میں ضلع بھر سے بڑی تعداد میں اقلیتی ملازمین نے شرکت کی اور پروگرام نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوا۔



