گیس سلنڈر کے لئے لمبی قطاریں — دھکم پیل میں خاتون بے ہوش، اترپردیش کے ضلع شراوستی میں عوام کی بے بسی
اترپردیش کے ضلع شراوستی میں گھریلو گیس سلنڈر کے لیے لمبی قطاروں کے درمیان ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق گیس ایجنسی کے باہر صبح سے کھڑی خواتین کی بھیڑ میں دھکم پیل کے دوران ایک خاتون گر کر بے ہوش ہو گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق لوگ کئی گھنٹوں سے سلنڈر حاصل کرنے کے لیے لائن میں کھڑے تھے اور اچانک بھیڑ بڑھنے کی وجہ سے دھکم پیل شروع ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون زمین پر گر پڑی اور بے ہوش ہو گئی۔ وہاں موجود لوگوں نے فوری طور پر اسے سنبھالا۔
اس واقعہ کے بعد عوام میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ کئی افراد کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں گیس سلنڈر کی قلت اور قیمتوں کے مسئلہ پر لوگ پریشان ہیں، لیکن حکومت اس مسئلہ پر سنجیدہ نظر نہیں آ رہی۔ بعض لوگوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام بنیادی ضروریات کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ سیاسی جلسے اور تقاریر جاری ہیں۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے زیرِ بحث ہے اور لوگ گیس کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔



