جنرل نیوز

جامعۃُ المؤمنات مغلپورہ میں کمسن حفاظِ کرام کی حوصلہ افزائی، رمضان المبارک کے موقع پر عید کے ملبوسات بطور تحفہ پیش

جامعۃُ المؤمنات مغلپورہ میں کمسن حفاظِ کرام کی حوصلہ افزائی، رمضان المبارک کے موقع پر عید کے ملبوسات بطور تحفہ پیش

حیدرآباد (پریس نوٹ)

ماہِ رمضان المبارک دراصل روحانیت، عبادت، ایثار اور دینی تربیت کا وہ بابرکت زمانہ ہےخ جس میں مسلمان اپنے رب کے حضور جھک کر عبادت و ریاضت کے ذریعے اپنی زندگی کو سنوارنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسی مقدس مہینے میں دینی مدارس کے طلبہ خصوصاً حفاظِ کرام قرآنِ مجید کی تلاوت، تراویح اور دیگر عبادات کے ذریعے نہ صرف اپنی روحانی وابستگی کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ امتِ مسلمہ کے لیے بھی باعثِ فخر بنتے ہیں۔

اسی روحانی فضا کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعۃُ المؤمنات مغلپورہ حیدرآباد میں کمسن حفاظِ کرام کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک بامقصد تقریب منعقد کی گئی، جس میں رمضان المبارک کی مناسبت سے حفاظِ کرام کو عید کے ملبوسات بطور تحفہ پیش کیے گئے۔ یہ ملبوسات بانی و ناظمِ اعلیٰ جامعۃُ المؤمنات مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد مستان علی قادری کے دستِ مبارک سے طلبہ میں تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کمسن حفاظِ کرام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ مجید کی خدمت اور حفظِ قرآن کی سعادت اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ جو بچے کم عمری میں قرآنِ کریم سے اپنا رشتہ مضبوط کرتے ہیں وہ یقیناً مستقبل میں ملت و معاشرہ کے لیے روشنی کے مینار ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوش آئند بات ہے کہ جامعۃُ المؤمنات کے طلبہ ماہِ رمضان میں روزے رکھتے ہوئے، سحر و افطار کا اہتمام کرتے ہوئے اور راتوں میں نمازِ تراویح ادا کرتے ہوئے قرآنِ مجید سنانے اور سننے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ ایسے بچوں کی حوصلہ افزائی دراصل قرآن سے محبت کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہے۔

اس موقع پر کمسن حفاظِ کرام میں عید کے ملبوسات تقسیم کیے گئے اور ان کی دینی محنت و لگن کو سراہا گیا۔ حاضرین نے جامعۃُ المؤمنات کی اس مبارک کاوش کو بے حد سراہا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو مزید ترقی عطا فرمائے اور یہاں کے طلبہ کو علمِ دین اور خدمتِ قرآن میں نمایاں مقام عطا فرمائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button