سعودی عرب کا خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کے خلاف سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم

ریاض ۔ (ایجنسیز) سعودی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سعودی عرب، بحرین، امارات، قطر، عمان، کویت اور اردن کی پیش کردہ قرارداد نمبر2817 کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔
قرارداد میں خلیجی ملکوں اور اردن پر ایران کے حملوں کی سخت مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ مملکت قرارداد کے مندرجات جس میں رہائشی علاقوں پر حملے اور سول آبجیکٹس کو نشانہ بنانے، اس کے نتیجے میں شہری ہلاکتوں، شہری عمارتوں کو نقصان پہنچانے کی مذمت، ان ممالک اور ان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی شامل ہے، کا خیرمقدم کرتی ہے۔
وزارت نے بین الاقوامی حمایت اور ایران کے حملوں کی مذمت کا حوالہ دیا اور انہیں فوری اورغیر مشروط طور پر روکنے اور پڑوسی ممالک کے خلاف کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا دھمکی کو روکنے مطالبہ کیا۔ مملکت کو اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ یقینی بنانے اور جارحیت کو روکنے کے لیے
اقدامات کا مکمل حق ہے، جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 میں تسلیم کیا گیا ہے۔



