عادل آباد میں گھریلو گیس کی کوئی قلت نہیں: ضلع کلکٹر راجرشی شاہ

عادل آباد میں گھریلو گیس کی کوئی قلت نہیں: ضلع کلکٹر راجرشی شاہ
سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ، وِمل گیس ایجنسی کا ضلع کلکٹر نے کیا اچانک معائنہ
عادل آباد، 13 /مارچ(اردو لیکس) ضلع عادل آباد میں گھریلو گیس سیلنڈروں کی کسی قسم کی قلت نہیں ہے اور سوشل میڈیا پر گیس کی کمی سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے یہ بات جمعہ کی شام ضلع ہیڈکوارٹر میں واقع وِمل گیس ایجنسی کے اچانک معائنہ کے دوران کہی۔
اس موقع پر کلکٹر نے گیس ایجنسی میں موجود سیلنڈروں کے ذخائر، آن لائن بکنگ کے نظام اور سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع میں گیس سیلنڈروں کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور صارفین کو آن لائن بکنگ کے فوراً بعد سیلنڈر فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
کلکٹر راجرشی شاہ نے خبردار کیا کہ گیس کی قلت کے بارے میں سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی شخص بلیک مارکیٹنگ میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
انہوں نے ایجنسی نمائندوں کو ہدایت دی کہ آن لائن بکنگ کرنے والے صارفین کو ڈور ڈیلیوری کے ذریعہ سیلنڈر فراہم کیا جائے۔ کلکٹر نے بتایا کہ گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ شہری رسد، ریونیو اور پولیس پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جا رہی ہے۔
انہوں نے عوام سے کہا کہ اگر کسی کو گیس کی فراہمی سے متعلق کوئی دشواری پیش آئے تو وہ ٹول فری نمبر
1800-425-1939
پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
اس معائنہ کے دوران ایڈیشنل کلکٹر راجیشور، ضلع سول سپلائی آفیسر نندنی، تحصیلدار سرینواس، انفورسمنٹ ڈی ٹی مہیش، گیس ایجنسی کے نمائندے، دیگر عہدیداران اور صارفین بھی موجود تھے۔



