گردوں کے ٹرانسپلانٹ میں سعودی ہسپتال کا عالمی ریکارڈ – شعبہ طب میں بڑی کامیابی

ریاض ۔ کے این واصف
سعودی عرب کا کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہاسپٹل (تخصصی) شعبہ طب میں عالمی سطح پر کئی بار اپنے ریکارڈز بنا چکاہے۔ کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہاسپیٹل اینڈ ریسرچ سینٹر کا شمار مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں پہلے نمبر پر ہوتا ہے۔
اب کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہاسپیٹل اینڈ ریسرچ سینٹر نے 2025 میں سب سے زیادہ گردوں کے ٹرانسپلانٹ کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔اس عمل میں دو عطیہ دہندگان اور دو مریض شامل ہوتے ہیں۔ اگر ایک مریض کے گردے عطیہ کرنے والے فرد سے ملتے ہوں تو اس صورت میں ٹرانسپلانٹ ہو سکتا ہے۔ہسپتال کا کہنا ہے کہ 2025 میں انہوں نے 130 ٹرانسپلانٹ کیے جو امریکی ادارے سے 36 ٹرانسپلانٹ زیادہ ہیں، جس نے 94 ٹرانسپلانٹ کیے۔
ہسپتال کے بیان کے مطابق یہ کامیابی 2016 میں شروع ہونے والے اس پروگرام کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت 2025 کے اختتام تک 691 مریضوں کے گردوں کا ٹرانسپلانٹ کیا جا چکا ہے۔ہسپتال کے آرگن ٹرانسپلانٹ سینٹر آف ایکسیلینس کے ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر ڈائٹر بروئرنگ نے انگریزی روزنامہ عرب نیوز کو بتایا کہ پیئرڈ گردوں کے عطیات اُن مریضوں کے لیے نہایت اہم بن چکے ہیں جنہیں کوئی عطیہ دہندہ ڈھونڈنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سنگ میل ایک ایسے مربوط ماڈل کی طاقت کی عکاسی کرتا ہے جس میں جدید ایمیونولوجی ٹیسٹنگ، باہمی تعاون سے تبادلے اور ہائی اسپیشلسٹ ٹیمیں جو محفوظ اور موثر ٹرانسپلانٹ کیئر کے لیے کام کر رہی ہیں وہ شامل ہیں۔اس سینٹر میں گردوں کے تبادلے کی ٹیسٹنگ کے لیے جدید ایمیونولوجی لیبارٹری سے کام لیا جاتا ہے، پیچیدہ تبادلوں کو منظم طریقے سے کرنے کے لیے ایک کوآرڈینیٹڈ سسٹم ہے جبکہ کلینکل ٹیمیں جن میں ٹرانسپلانٹ فزیشنز، سرجنز،
اینیستھیزولوجسٹس، ٹرانسپلانٹ کوارڈینیٹرز، نرسنگ اسٹاف اور لیبارٹری اسپیشلسٹ موجود ہیں۔کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہاسپیٹل اینڈ ریسرچ سینٹر نے 2026 کے لیے دنیا کے 250 بہترین علمی طبی مراکز میں سے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں پہلی اور عالمی سطح پر 12ویں پوزیشن حاصل کی۔
2025 میں برینڈ فائنانس کی جانب سے اسے مشرقِ وسطیٰ کا سب سے اہم میڈیکل سینٹر قرار دیا گیا جبکہ نیوزویک نے بھی اسے دنیا کے بہترین ہپستالوں میں سے ایک ہسپتال تسلیم کیا تھا۔



