عادل آباد میں محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر اہتمام شاندار دعوتِ افطار کا انعقاد

ریاستی میناریٹی کمیشن کے رکن محمد اطہر اللہ بطور مہمانِ خصوصی شریک، ضلع کلکٹر راجرشی شاہ اور ایس پی اکھل مہاجن کی شرکت، رمضان کٹس کی تقسیم
عادل آباد۔ 17/ مارچ(اردو لیکس)عادل آباد ضلع اقلیتی بہبود محکمہ کے زیر اہتمام عادل آباد میں پُروقار دعوتِ افطار کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں ریاست تلنگانہ میناریٹی کمیشن کے رکن محمد اطہر اللہ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ اور ضلع ایس پی اکھل مہاجن (آئی پی ایس) لوکل باڈیز ایڈیشنل کلکٹر راجیشور، ضلع اقلیتی بہبود آفیسر شیخ کلیم احمد نے بھی شرکت کی۔
پیر کی شام عادل آباد مستقر کے سنٹرل گارڈن میں منعقدہ اس تقریب میں روزہ داروں کے لئے افطار کا خصوصی انتظام کیا گیا۔ تقریب کے دوران مہمانانِ خصوصی نے ایک دوسرے کو کھجور اور پھل کھلا کر محبت و بھائی چارے کا اظہار کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر راجرشی شاہ اور ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ماہِ رمضان میں منعقد ہونے والی افطار تقریبات مذہبی ہم آہنگی اور باہمی اخوت کی بہترین مثال ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عادل آباد حلقہ میں 1500 جبکہ بوتھ حلقہ میں 750 رمضان کٹس مستحقین میں تقسیم کی جا رہی ہیں، اس کے علاوہ مساجد کمیٹیوں کو رمضان کے انتظامات کے لئے مالی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں، جن میں بنگاری گوڑہ کے مائنارٹی رہائشی اسکولوں میں جدید سہولتوں کی فراہمی شامل ہے تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
اس تقریب میں جامع مسجد کے امام و خطیب حضرت مولانا مرزا ضمیر بیگ قاسمی نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں ضلع کلکٹر اور ایس پی نے مستحق افراد میں رمضان گفٹ پیکٹس تقسیم کئے۔
تقریب میں میونسپل وائس چیئرمین محمد روہت، اقلیتی بہبود آفیسر شیخ کلیم احمد ، عوامی نمائندے، صحافی حضرات، مذہبی قائدین، اقلیتی برادری کے افراد اور ضلع کے مختلف عہدیداران و عملہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔



