تلنگانہ کے عادل آباد میں پہلی بار تراویحِ میں قرآن پاک کی تکمیل پر امامِ مسجد کو ہونڈا شائن موٹر سائیکل بطور تحفہ پیش

عادل آباد میں پہلی بار تراویحِ قرآن پر امامِ مسجد کو ہونڈا شائن موٹر سائیکل بطور تحفہ پیش
مسجد ابوبکر شانتی نگر میں ستائیسویں شب مکمل قرآن سنانے پر مولانا محمد اکبرالدین حسامی نقشبندی کی شال پوشی، گلپوشی اور پُروقار تہنیت
عادل آباد۔18/مارچ(اردو لیکس) تلنگانہ کے عادل آباد شہر میں رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر ایک منفرد اور روح پرور منظر دیکھنے کو ملا، جہاں پہلی مرتبہ ستائیسویں شب تراویح میں مکمل قرآن کریم سنانے کی سعادت حاصل کرنے پر امام و خطیب مسجد ابوبکر، محلہ شانتی نگر، حضرت مولانا محمد اکبرالدین حسامی نقشبندی کی خدمت میں ایک قیمتی تحفہ پیش کیا گیا۔ مسجد انتظامیہ اور مقامی مصلیان کی جانب سے مولانا کو ہونڈا شائن ٹو وہیلر موٹر سائیکل بطور ہدیہ پیش کی گئی، جس کی مالیت تقریباً ایک لاکھ گیارہ ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
اس پُر وقار تقریب میں مولانا کی شال پوشی اور گلپوشی کرتے ہوئے انہیں بھرپور انداز میں مبارکباد پیش کی گئی۔ اس موقع پر مسجد کے ذمہ داران، نوجوانانِ شانتی نگر اور بڑی تعداد میں عوام شریک رہے۔ مقررین نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف علماء و حفاظ کی حوصلہ افزائی ہے بلکہ شہر کی دیگر مساجد کے لیے بھی ایک مثبت مثال قائم کرے گا۔
حضرت مولانا محمد اکبرالدین حسامی نقشبندی نے اس موقع پر مسجد انتظامیہ اور تمام مصلیان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز دراصل قرآن پاک کی خدمت کا صلہ ہے اور اس سے دینی جذبہ مزید مضبوط ہوگا۔
تقریب کے دوران مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ علماء و حفاظ، اسلاف کی عظیم وراثت کے امین ہیں اور ان کی خدمت و تکریم ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس عمل کو قبول فرمائے اور امتِ مسلمہ کو دین کی خدمت کی مزید توفیق عطا کرے۔



