مسجدالحرام میں رمضان کی 30ویں شب کے روح پرور مناظر، عبادت گزاروں کی دعائیں

ریاض ۔ کے این واصف
مسجد الحرام میں رمضان کی 30ویں شب عبادت گزاروں کی ایک بڑی تعداد پہنچی ہوئی تھی جنہوں نے روحانی ماحول میں نماز تہجد ادا کی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور دیگر عرب مملک میں جمعہ (۲۰ مارچ) کو عید الفطر منائی جائے گی۔
سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق اس بابرکت رات میں مسجد الحرام کے صحن اور عبادت والے ہال جلدی آنے والے نمازیوں سے بھر گئے۔“ایس پی اے” کے کیمروں نے ان رقت آمیز مناظر کو محفوظ کر لیا جن سے زائرین اور مسجد الحرام کے درمیان عظیم روحانی رشتے کی جھلک نمایاں ہو رہی تھی۔
اس کے علاوہ کئی ممالک اور مختلف ثقافتوں کے لوگ ایک متحدہ انسانی شکل میں نظر آئے اور سب نے ایک مربوط نظام سے ملنے والی جدید سہولیات کے تحت پرسکون ماحول میں عبادات کیں۔متعلقہ اداروں نے اپنی خدمات تیز کرتے ہوئے ہجوم کی نقل و حرکت یقینی بنائی جبکہ صفائی ستھرائی کے عمل کو بھی جاری رکھا گیا اور کئی مقامات پر زم زم کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا۔
یہ کوششیں ایک مربوط نظام کا حصہ ہیں جسے دانشمند قیادت کی حمایت حاصل ہے۔ اس کا مقصد زائرین کی خدمت اور انہیں عبادت کرنے کے لیے محفوظ اور پر سکون ماحول فراہم کرنا ہے۔



