محبوب نگر میں عید ملاپ تقریب -امیر حلقہ جماعت اسلامی محمد اظہرالدین و دیگر کا خطاب

ظلم ونا انصافی کا دور بہت جلد ختم ہوگا
امیر حلقہ جماعت اسلامی محمد اظہرالدین و دیگر کا خطاب
ملک عزیز بھارت مختلف تہذیبوں اور مذاہب کا گہوارہ ہے۔افتراق میں اتحاد اسکی خصوصیت ہے۔اسکی سالمیت اور ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں امن و امان برقرار رہے۔دستور ہند کے بموجب جو حقوق یہاں کے منفرد شہری کو میسر ہیں، انھیں وہ آزادی کیساتھ استعمال کرسکے۔
ان خیالات کا اظہار جناب محمد اظہرالدین امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے عید ملاپ تقریب کے صدارتی خطاب میں کیا۔جو جماعت اسلامی ہند شہر محبوب نگر کیجانب سے بروز اتوار شام 7 بجے الماس فنکشن ہال محبوب نگر پرمنعقد ہوا۔ انھوں نے کہا کہ ساری کائنات کا رب اللہ ہے۔جو شخص اللہ سے ڈرتا ہے وہ کسی سے نہیں ڈرتا۔قرآن مجید کی یہی دعوت ہیکہ اللہ کی حکمرانی کو قبول کرکے دنیا و آخرت میں کامیاب ہوجائیں۔دین اسلام خیر خواہی کا دین ہے۔اس کے قیام سے انسانوں کو حقیقی آزادی حاصل ہوتی ہے۔انسانیت کی نشوونما ہوتی ہے۔
درندگی، ظلم و نا انصافی کا اختتام ہوتا ہے۔جناب عبیداللہ کوتوال چیرمین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن تلنگانہ مہمان اعزازی نے عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہند کی کوششیں غیر معمولی ہیں جو ملک و سماج کی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔خصوصاً برادران وطن اسلامی تعلیمات کو پیش کرنا، عید کی خوشیوں میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو شریک کرتے ہوئے عید ملاپ تقریب کا انعقاد قابل تحسین ہے۔حکومتی اسکیمات کو سماج میں متعارف کروانے میں بھی جماعت اسلامی کا کلیدی رول رہا ہے۔تلگو مقرر جناب محمد شریف ریاستی سکریٹری جماعت اسلامی ہند آندھرا پردیش کا اس موقع پر خصوصی خطاب رہا۔
جسمیں انھوں نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کا ذکر کرتے ہوئے سماج کی اصلاح کے لیے اسے ناگزیر قرار دیا۔زندگی کے تمام شعب حیات میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل ضروری قرار دیا۔سماج میں موجود مختلف برائیاں، شراب،زنا،سود,کرپشن، شرک و بدعات،ظلم و تشدد کا علاج اسلامی تعلیمات سے ممکن قرار دیا۔جسکے لئے سماج میں موجود علمی سطح کو بڑھاتے ہوئے انھیں عمل کی ترغیب دینا چاہیے۔جناب سائی بابو بادام صاحب ستیا سائی تنظیم کے ضلعی صدر نے اسلامی تعلیمات، اور عبادات کے مقاصد کے متعلق روشنی ڈالی اور سامعین سے اپیل کی کہ رمضان المبارک کے بعد بھی ہم اس نظم و ڈسپلن کے ساتھ سماج میں کام کرتے رہیں۔ عید ملاپ تقریب کا انعقاد سراج الدین کی تلاوت قرآن سے ہوا۔براد معاذ نے تلگو ترجمہ پیش کیا۔
شجاعت علی امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہر محبوب نگر نے افتتاحی کلمات ادا کئے۔محمد اسماعیل نے نظامت کے فرائض انجام دیئے، عبدالعزیز ناظم ضلع نے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر نظماء پروگرام و جناب عبدالقوی عاقل اور جناب اعجاز رسول نے انتظامی امور انجام دیئے نو منتخبہ میونسپل کارپوریشن کارپوریٹرس ظہیر،عمر کوتوال، اویز احمد نے شرکت کی۔غلام غوث، عبدالقدیر حیدرآباد، عبدالرحمن حراءسوسائٹی،نعیم محمودآبادی المدینہ سوسائٹی، بشیرالدین پالمورو یونیورسٹی، ڈاکٹر عبد الخالق،خالد نوید، مشتاق، CA سمیع الرحمن، بدیع اللہ، ڈاکٹر مجاہد sio، عبدالعزیز sio، عبدالمجید وزڈم،میر اعظم علی ایم۔آر۔او، رووف حسام الدین SUTA, محمد نصیر الدین APUTA, و دیگر معززین شہر نے شرکت کی۔ عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔




