تلنگانہ

خواتین کو 33 فیصد تحفظات کے ساتھ ساتھ او بی سی خواتین کے لئے ذیلی کوٹہ مختص کیا جائے 

خواتین کو 33 فیصد تحفظات کے ساتھ ساتھ او بی سی خواتین کے لئے ذیلی کوٹہ مختص کیا جائے

تمام طبقات کو مساوی مواقع کی فراہمی ہی حقیقی سماجی انصاف

کسی بھی قسم کی ناانصافی کیخلاف شدید احتجاج منظم کرنے کا انتباہ: کے کویتا

 

 

صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے قانون ساز اداروں میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ او بی سی خواتین کے لئے ذیلی کوٹہ مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح خواتین کے لئے ریزرویشن اہم ہے، اسی طرح ان ریزرویشنس کے اندر او بی سی خواتین کے لئے علیحدہ کوٹہ بھی نہایت ضروری ہے تاکہ حقیقی سماجی انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔کلواکنٹلہ کویتا نے اپنے بیان میں کہا کہ مرکز کی جانب سے خواتین ریزرویشن بل کو موجودہ لوک سبھا اجلاس میں پیش کرنے کی تیاریوں کے پیش نظر یہ ضروری ہے کہ اس میں او بی سی خواتین کے لئے ذیلی کوٹہ شامل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ او بی سی خواتین کو ذیلی کوٹہ فراہم نہ کرنا دراصل ملک کی اکثریتی آبادی کے ساتھ ناانصافی اور دھوکہ کے مترادف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قانون ساز اداروں میں سماجی مساوات اسی وقت ممکن ہے جب او بی سی خواتین کو بھی مناسب نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کے بغیر حقیقی سماجی انصاف حاصل نہیں کیا جا سکتا۔کلواکنٹلہ کویتا نے خبردار کیا کہ اگر مرکز او بی سی خواتین کے لئے سب کوٹہ فراہم کئے بغیر آگے بڑھنے کی کوشش کرتا ہے تو تلنگانہ جاگروتی کی جانب سے ملک گیر سطح پر ایک بار پھر بڑے پیمانے پر تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح خواتین ریزرویشن بل کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں، خواتین تنظیموں اور عوامی گروپس کو متحد کر کے دہلی میں دھرنا دیا گیا تھا، اسی طرز پر دوبارہ جدوجہد کی جائے گی۔

انہوں نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ اگر او بی سی خواتین کے لئے سب کوٹہ فراہم نہیں کیا گیا تو ان طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین کو قانون ساز اداروں میں نمائندگی حاصل کرنے کا موقع نہیں مل سکے گا۔کویتا نے کہا کہ ملک میں حقیقی سماجی انصاف اسی وقت ممکن ہے جب تمام طبقات کو برابر کا موقع فراہم کیا جائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب ملک میں سب سے بڑی تعداد او بی سی طبقات کی ہے تو ان کی خواتین کو ریزرویشن سے محروم رکھنا کس طرح انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر تمام سیاسی جماعتوں، او بی سی خواتین رہنماؤں اور خواتین تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلہ پر متحد ہو کر آواز اٹھائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ او بی سی خواتین کے لئے سب کوٹہ کے حصول تک تلنگانہ جاگروتی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ خواتین کو سیاسی میدان میں مناسب نمائندگی دلانے کے لئے تلنگانہ جاگروتی نے مسلسل جدوجہد کی ہے، جس کے نتیجہ میں خواتین ریزرویشن بل کو آگے بڑھانے میں اہم پیش رفت ہوئی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 18 سیاسی جماعتوں، خواتین تنظیموں اور مختلف عوامی گروہوں کو یکجا کر کے جنتر منتر پر بھوک ہڑتال کی گئی، راؤنڈ ٹیبل میٹنگس اور مختلف احتجاجی پروگراموں کے ذریعے اس مسئلہ کو قومی ایجنڈہ بنایا گیا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ خواتین ریزرویشن بل میں او بی سی خواتین کے سب کوٹہ کا ذکر شامل نہیں کیا گیا اور مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ اس اہم مسئلہ پر فوری طور پر مثبت فیصلہ لے تاکہ حقیقی معنوں میں سماجی انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button